ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یمن :تیل کے ذخائر پر قبضے کی لڑائی میں 26ہلاک

یمن :تیل کے ذخائر پر قبضے کی لڑائی میں 26ہلاک

Tue, 06 Sep 2016 15:51:51    S.O. News Service

صوبے مآرب میں صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز اور حوثی باغیوں میں خونریز جھڑپیں
صنعاء،6ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع تیل کے ذخائر والے علاقے پر کنٹرول کے لیے حکومت نواز فوجیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان خونریز لڑائی میں 26جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔یمن کے ایک عسکری ذریعے نے بتایا ہے کہ حکومت نواز فورسز نے سوموار کے روز صوبہ مآرب میں واقع علاقے صرواح کا کنٹرول واپس لینے کے لیے حوثی باغیوں کے خلاف ایک فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔دارالحکومت صنعا کے نزدیک واقع صوبے مآرب میں یہی ایک علاقہ باغیوں کے زیر قبضہ رہ گیا ہے۔حوثی باغیوں نے ستمبر 2014ء سے صنعا پر قبضہ کررکھا ہے۔اس عسکری ذریعے نے مزید بتایا ہے کہ جھڑپوں اور سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے فضائی حملوں میں 16حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ جھڑپوں میں حکومت نواز 10فوجی مارے گئے ہیں اور 12زخمی ہوگئے ہیں۔صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز نے صرواح کے نزدیک واقع پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔اگر ان فورسز کا مآرب پر مکمل کنٹرول ہوجاتا ہے تو وہ مشرق سے صنعا کی جانب پیش قدمی کرسکتی ہیں۔درایں اثناء متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے اطلاع دی ہے کہ مآرب میں حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے ساتھ جاری لڑائی میں ایک اماراتی فوجی کام آگیا ہے۔


Share: