ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور کے قریب آننت واڑی میں بس اور رکشہ کی ٹکر؛ رکشہ ڈرائیور ہلاک

ہوناور کے قریب آننت واڑی میں بس اور رکشہ کی ٹکر؛ رکشہ ڈرائیور ہلاک

Thu, 30 Jun 2016 21:04:20  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 30 جون (ایس او نیوز) یہاں سے قریب 30 کلومیٹر دور آننت واڑی نیشنل ہائی وے پرایک پرائیویٹ بس اور آٹورکشہ کے درمیان ہوئی ٹکر میں آٹوڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگیا جس کی شناخت ونائک وشنو موگیر (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ جمعرات کی شام قریب سات بجے اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بس جو مینگلور سے ممبئی جارہی تھی، غالباً کسی سواری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں مخالف سمت سے آنے والے آٹورکشہ سے ٹکراگئی، ٹکر اتنی شدید تھی کہ پورا رکشہ مٹی کے ڈھیر اور بس کے درمیان بری طرح کچل گیا۔ رکشہ کی حالت سے اندازہ  لگایا جاسکتا ہے کہ رکشہ پر سوار کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہوگا۔

مبینہ طور پربس کی لاپرواہی کے نتیجے میں ہونے والے اس حادثے سے مقامی عوام بھڑک اُٹھے اورانہوں نے بس کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی، مگر مقامی پولس نے عوام کو روک دیا۔ یہاں کافی دیر تک حالات  کشیدہ رہے، اس درمیان کچھ لوگوں نےبس پر پتھرائو کرتے ہوئے بس کو نقصان بھی پہنچایا مگر بعد میں پولس نے حالات پر قابو پالیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی منکی پولس موقع پر پہنچی، گڑبڑی کی اطلاع ملتے ہی ہوناور سرکل پولس انسپکٹر کماراسوامی بھی اپنے عملہ کے ساتھ فوری موقع واردات پر پہنچ گئے اورحالات کو بگڑنے نہیں دیا۔

بتایا گیا ہے کہ ونائک موگیر منکی کے مسافروں کو ہوناور چھوڑ کر واپس منکی آرہا تھا جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ ونائک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک سال قبل تک مچھلیوں کے کاروبار سے منسلک تھا ، مگر ایک سال سے آٹو رکشہ چلانا شروع کیا تھا۔

حادثہ کے فوری بعد مقامی لوگوں نے رکشہ کے اندر پھنسی ہوئی ڈرائیور کی لاش کو باہر نکال کرسرکاری اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے بعد قریب دو گھنٹوں تک نیشنل ہائی وے بند تھا،رات قریب نو بجے نیشنل ہائی وے کو سواریوں کے لئے کھولا گیا۔ اس درمیان عوام کی بھیڑ نیشنل ہائی وے پر جمع تھی۔بعد میں بڑی مشقت کے بعد پولس نےعوام کو سمجھا بجھا کروہاں سے روانہ کیا۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد گھروالوں کے حوالے کیا گیا، اس موقع پر بھی اسپتال کے باہر عوام کی کثیر تعداد  موجود تھے۔

منکی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔

 


Share: