ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : کیا امسال نومبر میں ہونگے شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات ؟

کاروار : کیا امسال نومبر میں ہونگے شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات ؟

Sun, 19 Jan 2025 12:49:45  Office Staff   S.O. News Service

کاروار ، 19 / جنوری (ایس او نیوز) امسال مانسون سے پہلے ضلع اور تعلقہ پنچایتوں کے لئے انتخابات منعقد کرنے کا معاملہ اگر منصوبے کے مطابق مکمل ہوتا ہے تو مانسون کے ختم ہوتے ہی نومبر میں پٹن پنچایت، ٹاون میونسپل کاونسل اور سٹی میونسپل کاونسل کے لئے انتخابات منعقد ہونے کے امکانات ہیں ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو شہری بلدی اداروں [اربن لوکل باڈیز] کے اراکین کی میعاد کار بھی 5 سال کے بجائے 7 سال کی ہو جائے گی ۔
    
خیال رہے کہ تعلقہ اور ضلع پنچایت کا کام کاج گزشتہ چار سال سے منتخب عوامی نمائندوں کے بغیر ہی چل رہا ہے کیونکہ ریزرویشن کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ۔ 29 جنوری کو ریاستی حکومت ریزرویشن کے تعلق سے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گی ۔ جس کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کو ریزرویشن کی فہرست پیش کی جائے گی ۔ اس پس منظر میں ریاستی الیکشن کمشنر سگریشی نے اپریل اور مئی انتخابات منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔
    
جہاں تک پٹن پنچایت، ٹاون میونسپل کاونسل اور سٹی میونسپل کاونسل کا تعلق ہے، ان کی پانچ سالہ میعاد کار نومبر 2025 میں ختم ہونے والی ہے ۔ اس وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ نومبر یا دسمبر میں ان بلدی اداروں کے لئے انتخابات منعقد ہونے کے امکانات موجود ہیں ۔ البتہ تعلقہ اور ضلع پنچایتوں کے انتخابات کے بعد جو صورت حال بنتی ہے اور اس پس منظر میں ریاستی حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے، اس بارے میں ابھی سے قطعی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے ۔
    
اہم بات یہ ہے کہ پٹن پنچایت، ٹی ایم سی اور سی ایم سی کے لئے سال 2018 میں منعقد ہوئے تھے ۔ اس کے بعد صدر اور نائب صدر کے عہدے کی جو ریزرویشن فہرست ریاستی حکومت نے جاری کی تھی ، اس کے خلاف کئی بلدی اداروں کے اراکین نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ اس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے مطابق نومبر 2020 میں عہدے دار منتخب ہوئے ۔ اس طرح دو سال کی تاخیر سے ان بلدی اداروں کی میعاد کار شروع ہوئی، جو نومبر 2025 میں ختم ہو رہی ہے ۔ اس پہلو سے دیکھا جائے تو ان اداروں کے منتخب اراکین کی میعاد کار جملہ سات سال پر محیط ہو گئی ۔ 


Share: