ہوناور، 21 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے سالکوڈ گرام میں حاملہ گائے کو ذبح کرنے کا جو واقعہ پیش آیا ہے وہ پولیس کی نیند اڑانے کا سبب بن گیا ہے ۔ اس معاملے کو حل کرنے اور ملزمین کو گرفتار کرنے کے مقصد سے پولیس کے اعلیٰ افسران کی قیادت میں خفیہ کارروائی شروع کی گئی ہے ۔
بعض ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ منگلورو سے آئی جی پی ویسٹرن ژون نے ہوناور پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس واقعے سے متعلق تمام تفصیلات اور جانکاری حاصل کرتے ہوئے اگلی کارروائی کے لئے افسران کو ضروری ہدایات دیں ۔ ضلع ایس پی نارائین ایم کی قیادت میں ایڈیشنل ایس پی جگدیش نائک، بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش کے علاوہ ہوناور اور کمٹہ سی پی آئی کے ساتھ بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ہوناور اور کمٹہ پولیس اسٹیشنوں کے اہلکاروں پر مشتمل چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔
پتہ چلا ہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیمیں کولکّی، کونڈاکالی، ہڈین بال جیسے علاقوں کے اطراف سوموار کے دن صبح سے شام تک کے عرصے میں ٹاور لوکیشن، موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت، سی سی کیمرہ فوٹیج وغیرہ کا جائزہ لے رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر خفیہ کارروائی بھی کی جا رہی ہے ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حاملہ گائے ذبح کرکے اس کا گوشت نکالنے کے بعد سر اور ہڈیاں جس جگہ پڑی ہوئی ملی ہیں وہ ایک سنسان علاقہ ہے ۔ اس وجہ سے اس مقام پر شراب وغیرہ پارسل لا کر یہاں پر وقت گزاری کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں ۔ اکثر یہاں رکشہ اور بائک وغیرہ مشکوک انداز میں کھڑے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ اسی دوران مبینہ طور پر ایک لال رنگ کی اسکوٹی اور سوفٹ کار بار بار اس علاقے میں آتی جاتی رہی ہے ۔ جس دن یہ واردات ہوئی ہے اس دن لال رنگ کی اسکوٹی پارک کرکے دو افراد یہاں کھڑے ہوئے دیکھے گئے ہیں ۔
اس دوران معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے تفتیش کے لئے بعض افراد کو اپنی تحویل میں لیا ہے ، جن میں اس سے پہلے اس قسم کے معاملات میں ملوث افراد کے علاوہ بعض ٹیکنیکل شواہد کے تحت شک کے دائرے میں آنے والے لوگ شامل ہیں ۔ بالخصوص اوپونی کے دو افراد پولیس کی تحویل میں ہونے کی بات سننے میں آئی ہے ۔