ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک بھر میں بارش کے امکانات، دہلی سمیت کئی ریاستوں میں سردی بڑھنے اور کہرے کی پیش گوئی

ملک بھر میں بارش کے امکانات، دہلی سمیت کئی ریاستوں میں سردی بڑھنے اور کہرے کی پیش گوئی

Wed, 22 Jan 2025 10:23:13  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 22/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی-این سی آر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں شدید ٹھنڈ پھر دستک دینے والی ہے۔ محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق 23 جنوری تک مغربی ہمالیائی علاقے میں الگ الگ جگہوں پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ 22 جنوری کو راجستھان، مغربی مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، چنڈی گڑھ، مغربی اتر پردیش میں گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

راجدھانی دہلی میں بھی تین دن کی گرماہٹ کے بعد بدھ اور جمعرات کو موسم کا مزاج ایک بار پھر بدل سکتا ہے۔ پیش گوئی ہے کہ اس دوران دن بھر بادل چھائے رہیں گے۔ شام اور رات کے وقت آواز والے بادل بننے اور ہلکی بارش ہونے کے بھی آثار ہیں۔ اس سے ٹھٹھرن بھری ٹھنڈ بڑھے گی تو درجہ حرارت میں گراوٹ ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 جنوری کو راجدھانی میں صبح کے وقت زیادہ تر مقامات پر کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری جبکہ کم سے کم 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ویسے منگل کو یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 3.1 ڈگری زیادہ 10.6 ڈگری سیلسیس رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش میں بدھ اور جمعرات کو کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری ہونے کے آثار ہیں۔ جبکہ اس کے بعد 27 جنوری تک موسم خشک رہے گا۔ مقامی موسم دفتر نے منگل کو کہا کہ ہنسا اور کاجا میں بالترتیب 2.5 سیمی اور 0.8 سیمی برفباری ہوئی ریاست کے باقی حصوں میں موسم خشک رہا۔

وہیں دوسری طرف ہریانہ اور پنجاب کے زیادہ تر مقامات پر منگل کو کم سے کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں ریاستوں کی مشترکہ راجدھانی چنڈی گڑھ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے تین ڈگری زیادہ تھا۔ ہریانہ کے انبالہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری درج کیا گیا جو معمول سے 4 ڈگری زیادہ تھا۔ پنجاب کے امرتسر میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے 4 ڈگری زیادہ ہے۔ لدھیانہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔


Share: