منڈگوڈ ، 19 / جنوری (ایس او نیوز) حالانکہ مالی سال 2024-25 کے اختتام میں ابھی ڈھائی مہینے باقی ہیں، لیکن گرام پنچایت سطح پر 100 فی صد ٹیکس کی وصولی کے ساتھ منڈگوڈ تعلقہ نے پوری ریاست میں اول مقام حاصل کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ منڈگوڈ تعلقہ کے لئے امسال 1.52 کروڑ روپے ٹیکس وصولی کا نشانہ طے تھا ، لیکن سال پورا ہونے سے پہلے ہی 1.53 کروڑ وصول کیے گئے جسے دوسرے گرام پنچایتوں کے لئے قابل رشک اقدام قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ بہت سے گرام پنچایتوں میں طے کیے گئے نشانے کی نصف رقم بھی وصول کرنا ممکن نہیں ہوتا ۔
بتایا جاتا ہے کہ منڈگوڈ میں ٹیکس وصولی کی خصوصی مہم کو کامیاب بنانے میں ضلع پنچایت کے سی ای او کی بہترین رہنمائی، افسران، عملہ اور عوام کے بھرپورتعاون اور ہر ہفتہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصولی کرنے والے اہلکار کو دیے جانے والے اسٹار پرفارمر آف دی ویک ایوارڈ جیسی نئی اسکیم کا ہاتھ ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ہر جمعرات کے دن یہاں ٹیکس وصولی کی خصوصی مہم چلائی جاتی تھی جس میں تعلقہ پنچایت سی ای او، سینئر افسران، پی ڈی او، بل کلیکٹرس اور گرام پنچایت کے تمام اہلکار صبح سے شام تک ٹیکس وصولی کی کارروائی انجام دیتے تھے ۔
اتر کنڑا ضلع کے دیگر مقامات پر ٹیکس وصولی کی موجودہ صورت حال پر نظر ڈالیں تو کاروار تعلقہ 93% ، سرسی 92% اور سداپور میں 89% وصولی کا نشانہ پورا کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریاستی سطح پر ان تعلقہ جات کو ٹاپ ٹین میں جگہ ملی ہے ۔ اگر ضلع سطح کی بات کریں تو اتر کنڑا میں مجموعی طور پر 85% ٹیکس وصولی ہوئی جس کی وجہ سے یہ ضلع اس وقت ریاست میں اول مقام پر ہے ۔