ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ملازم فراہم کرنے والی ٹھیکیدار ایجنسیوں کے استحصال سے نمٹنے کے لئے نئی کوآپریٹیو سوسائٹی کا قیام

کاروار : ملازم فراہم کرنے والی ٹھیکیدار ایجنسیوں کے استحصال سے نمٹنے کے لئے نئی کوآپریٹیو سوسائٹی کا قیام

Tue, 21 Jan 2025 17:11:41  Office Staff   S.O. News Service

کاروار ، 21 / جنوری (ایس او نیوز) مختلف سرکاری محکمہ جات کو ملازم فراہم کرنے والی ایجنسیوں کے ذریعے جس کی قسم کی ہراسانی اور استحصال کی کوششیں چل رہی ہیں اس کا سد باب کرنے کے مقصد سے ضلعی سطح پر لیبر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ملازمین کی خدمات کے لئے ایک ہمہ مقصدی [ملٹی پرپز] کوآپریٹیو سوسائٹی قائم کی گئی ہے ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ اس وقت آوٹ سورسنگ کی بنیاد پر سرکاری محکموں اور پرائیویٹ کمپنیوں کو ملازمین فراہم کرنے کے لئے 405 افراد کے پاس لائسنس ہے جس کے تحت 54 ہزار ملازمین کی آوٹ سورسنگ ہوتی ہے ۔ مگر نوکری فراہم کرنے والے دلالوں اور ایجنسیوں کا استحصال بڑھتا جا رہا ہے ۔ ٹھیکیدار ایجنسیوں کے ملازمین کو مناسب تنخواہ نہ دینے، انشورنس اور پی ایف آئی کی سہولتیں حاصل نہ ہونے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔  تجرباتی طور پر اس وقت چار اضلاع میں ملازمین کی کوآپریٹیو سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ اس سوسائٹی میں ضلع ڈپٹی کمشنر اس کے چیرمین، ضلع پنچایت سی ای او سیکریٹری، ممبر سیکریٹری ضلع لیبر ڈپارٹمنٹ کے آفیسر اور ڈائریکٹرز کی حیثیت سے پروجیکٹ ڈائریکٹر، پروجیکٹ آفیسرز، کوآپریٹیو سوسائٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار ملازمین سنگھا کے منتخب صدر پر مشتمل گیارہ اراکین شامل رہیں گے ۔

لیکن پتہ چلا ہے کہ اتر کنڑا ضلع میں ابھی اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے ۔ صرف بیدر ضلع میں اس سوسائٹی نے باقاعدہ کام کاج شروع کیا ہے ۔ 
    
ملازمین کی ہمہ مقصدی کوآپریٹیو سوسائٹی مختلف سرکاری محکمہ جات، کارپوریشنز  اور دیگر اداروں کو ڈاٹا اینٹری اہلکار، صفائی کرمچاری، سیکیوریٹی سے متعلق اہلکار، گروپ ڈی کے ملازمین مختلف زمروں کے لئے مطلوبہ ملازمین فراہم کرنے کا کام انجام دے گی۔ اس طرح ان ملازمین کے لئے قانون کے مطابق تنخواہ اور مزدوری کے علاوہ لازمی بنیادیں سہولتوں اور ملازمت سے متعلقہ مراعات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی ۔ سوسائٹی کے ذریعے ملازمین سے 1% حق خدمت کے طور پر فیس وصول کی جائے گی ۔ اس طرح فیس اور دیگر ذرائع سے جمع ہونے والی رقم ملازمین کو قرضہ فراہم کرنے کے لئے استعمال کی جائے گی ۔ سوسائٹی کے رکن ملازم کی موت واقع ہونے کی صورت میں اس کے اہل خانہ کو 50 ہزار روپے بطور مالی تعاون دئے جائیں گے ۔


Share: