ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’پلیسز آف ورشپ ایکٹ کیس: مرکزی حکومت جواب سے گریزاں‘، متھرا شاہی مسجد عیدگاہ کمیٹی کا الزام

’پلیسز آف ورشپ ایکٹ کیس: مرکزی حکومت جواب سے گریزاں‘، متھرا شاہی مسجد عیدگاہ کمیٹی کا الزام

Wed, 22 Jan 2025 11:27:08  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی   ، 22/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)متھرا کی شاہی مسجد عیدگاہ کمیٹی نے مرکزی حکومت پر ایک سنگین الزام عائد کیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت قصداً ’پلیسز آف ورشپ ایکٹ 1991‘ معاملے میں اپنا جواب داخل نہیں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مسجد کمیٹی نے 21 جنوری کو سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں داخل اپنی عرضی میں مسجد کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عرضیوں پر جواب دینے سے متعلق مرکزی حکومت کے اختیار کو ہٹانے کی ہدایت جاری کی جائے تاکہ کیس آگے بڑھ سکے۔

عدالت عظمیٰ میں داخل اپنی عرضی میں مسجد کمیٹی نے دلیل پیش کی ہے کہ مرکزی حکومت قصداً اپنا جواب داخل نہیں کر رہی ہے، جس کی وجہ متعلقہ فریقین کو مقدمات پر تحریری پریزنٹیشن اور رد عمل داخل کرنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔ خصوصاً ان فریقین کو دقت ہو رہی ہے جو ’پلیسز آف ورشپ ایکٹ 1991‘ کو چیلنج پیش کیے جانے کی مخالفت کر رہی ہیں۔ مسجد کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ عرضیوں کے ایک گروپ میں دستخط کنندہ ہے اور متھرا میں شاہی مسجد عیدگاہ کے مینجمنٹ کے لیے ذمہ داری ہے۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ اس طرح کے 17 مقدمات کی سماعت کی جا رہی ہے۔

مسجد کمیٹی نے اپنی عرضی میں یہ بھی مطلع کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 12 دسمبر کو جواب داخل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو 4 ہفتہ کا وقت دیا تھا۔ اس کے باوجود اب تک حکومت نے جواب داخل نہیں کیا ہے۔ مسجد کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرکز کو پہلی بار مارچ 2021 میں نوٹس جاری کیا گیا تھا اور اس کے بعد کئی بار اوقات میں توسیع کی گئی تھی۔ اس کے باوجود اب تک جواب داخل نہیں کیا گیا ہے۔


Share: