ہوناور ، 23 / جون (ایس او نیوز) ہوناور جے ایم ایف سی عدالت نے سڑک کے حادثے کے لئے ذمہ دار گریش نامی ٹیپّر ڈرائیور کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔
ہوناور پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت کے مطابق یہ سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب ٹیپر ڈرائیور گریش بھٹکل سے کمٹہ کی طرف اپنی گاڑی بے پروائی اور تیز رفتاری سے لے جا رہا تھا ۔ اُس وقت گریش کی گاڑی بے قابو ہو کر پہلے کمٹہ سے بھٹکل کی طرف آ رہی بولیرو کار سے ٹکرائی ۔ پھر سڑک کنارے فروخت کے لئے رکھے ہوئے کپڑوں کے ڈھیر پر چڑھ گئی اور وہاں پر کھڑے ہوئے دو افراد کو ٹکر مارتے ہوئے آگے جا کر رکی تھی ۔
اس حادثے کی وجہ سے بولیرو کار میں موجود دو افراد کو گہری چوٹ آئی تھی ۔ ہوناور ملی کیری کے رہنے والے گریش کے خلاف درج معاملے کی تحقیقات اورعدالت میں چارج شیٹ داخل کرنے کی کارروائی اُس وقت ہوناور کے سی پی آئی وسنت آر آچار نے انجام دی تھی ۔
ہوناور کے سینئر سول جج اور جے ایم ایف سی عدالت کے جج چندرا شیکھر بی سی نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ملزم گریش کو ایک سال جیل اور 7500 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔ استغاثہ کی طرف سے سرکاری وکیل سنپدا اشوک گونکا نے عدالت میں پیروی کی تھی ۔