لندن،17؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برطانوی اخبار’’دی ڈیلی میل‘‘نے ایک وڈیو سے متعلق خبر نشر کی ہے جس میں ایک ہاتھی اپنے تربیت کار کو بچانے کے لیے تیزی سے لپکتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کو وہ ڈوبنے کے قریب سمجھ رہا تھا۔کلپ میں تھائی لینڈ میں حیوانات کے تحفظ کے لیے مخصوص کردہ ایک علاقے میں مذکورہ ہاتھی ایک نہر کے اندر دوڑتا ہوا نظر آرہا ہے تاکہ اپنے تربیت کار کو بچا سکے۔اخبار نے 42سالہ تربیت کار ٹامسن کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہاتھی نے اس بات کو نہیں بھلایا کہ اسے گزشتہ سال بچا کر اس مخصوص علاقے میں رکھا گیا تھا۔تربیت کار ٹامسن نے ایسا ظاہر کیا گویا کہ وہ ڈوب رہا ہے۔ وہ مدد کے لیے چلانے لگا جس پر یہ ہاتھی اس ٹامسن کا رخ کرنے پر مجبور ہوا اور اس کو کنارے تک لے آیا۔ٹامسن نے واضح کیا کہ مذکورہ ہاتھی کو خراب حالات میں پارک لایا گیا تھا۔ اس کو مطلوبہ دیکھ بھال اور تربیت فراہم کی گئی اور پھر آزاد چھوڑ دیا گیا۔ اس وقت سے ہمارا اس ہاتھی کے ساتھ مضبوط تعلق قائم ہے۔