ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاتھرس میں مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ، 23 خواتین اور 3 بچوں سمیت 27 افراد ہلاک، تعداد میں اضافہ کا خدشہ

ہاتھرس میں مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ، 23 خواتین اور 3 بچوں سمیت 27 افراد ہلاک، تعداد میں اضافہ کا خدشہ

Tue, 02 Jul 2024 17:19:45    S.O. News Service

ہاتھرس، 2/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)  یوپی کے ہاتھرس میں ایک مذہبی تقریب (بھولے بابا کا ستسنگ) کے دوران بھگدڑ مچنے سے 27 افراد کے ہلاک ہونے کا اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والوں میں 23 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے، تاہم، سی ایم او ایٹہ نے 27 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ایٹہ کے سی ایم او (چیف میڈیکل آفیسر) اومیش کمار ترپاٹھی نے ستسنگ کے دوران 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’پوسٹ مارٹم ہاؤس میں اب تک 27 لاشیں آ چکی ہیں۔ جن میں 23 خواتین، ایک مرد اور تین بچے شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مزید معلومات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ بادی النظر یہ سانحہ بھگدڑ مچنے کی وجہ سے پیش آیا۔‘‘

رپورٹ کے مطابق ہاتھرس ضلع کے سکندرا راؤ تھانہ علاقے کے پھولرائی گاؤں میں بھولے بابا کے ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران متعدد عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور ان کی لاشوں کو ایٹہ میڈیکل کالج پہنچایا گیا ہے۔

سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہاتھرس میں حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کو تیز کریں۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی ہیں۔


Share: