نئی دہلی، 5 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بیرونی دہلی کے شاہ آباد ڈیری علاقے میں گلاس کی ایک فیکٹری میں کل آدھی رات سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے کہا کہ کل دیر رات 12:50بجے سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کے بارے میں فون آیا اور فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں جائے حادثہ کے لئے روانہ کی گئیں،آج صبح کے 4:15بجے آگ بجھا لی گئی۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ایک مزدور بری طرح جھلس گیا اور جائے حادثہ پر ہی اس کی موت ہو گئی،اس کی شناخت 50سالہ باپے کے طور پر ہوئی ہے۔40سالہ مہیش اور 25سالہ کشن نام کے دو دیگر کارکنوں کا اس وقت علاج چل رہا ہے اور ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔مہیش کے جسم کا 80فیصد حصہ جھلس گیا ہے جبکہ کشن کے جسم کا 60فیصد حصہ جھلسا ہے۔انہیں بابا صاحب امبیڈکر ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں صفدر جنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا کیونکہ وہاھ جھلس کر زخمی ہوئے افراد کے بہتر علاج کی سہولت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی سی کی دفعہ 304اے کے تحت فیکٹری کے مالک کے خلاف شاہ آباد ڈیری پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔