ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیجریوال نے راہل کے تبصرے کی مذمت کی، سرجیکل حملوں پر سیاست کی مخالفت کی

کیجریوال نے راہل کے تبصرے کی مذمت کی، سرجیکل حملوں پر سیاست کی مخالفت کی

Sat, 08 Oct 2016 12:35:51    S.O. News Service

نئی دہلی، 7 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سرجیکل حملوں پر راہل گاندھی کے ’دلالی‘والے بیان پر آج ان کی تنقید کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے اپنے اختلافات کو الگ رکھنے اور وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہونے کی گزارش کی۔کیجریوال سرجیکل حملوں پر اپنے تبصرے کو لے کر خود بھی نشانے پر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہادری سے مہم چلانے اور کنٹرول لائن کے پار واقع دہشت گرد وں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا کریڈٹ مسلح فوج کے جوانوں کو دیا جانا چاہیے اور اس مسئلے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔کیجریوال نے کہاکہ ہمارے فوجیوں نے بہادری سے سرجیکل اسٹرائیک کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔میں نے اس کے لیے پہلے بھی فوج کو مبارکباد دی تھی اور ایک بار پھر دینا چاہتا ہوں۔میں راہل گاندھی کے اس تبصرہ کی سخت مذمت کرتا ہوں جس میں انہوں نے فوج کی قربانی اور بہادری کو ’خون کی دلالی‘بتایا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی نے کہاکہ میں ایسے الفاظ کے استعمال کی مذمت کرتا ہوں۔میں نے ایوان میں بھی اور ویڈیو پیغام میں بھی کہا تھا کہ سرحد پر کشیدگی ہے۔پورے ملک کو اپنے سیاسی اختلافات کو الگ رکھ کر فوج کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے اور سیکورٹی کے سلسلے میں وزیر اعظم کے اقدامات کی حمایت کرنی چاہیے ۔اس مسئلے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔اتفاق سے کجریوال بھی اس وقت تنازعات میں آ گئے تھے، جب انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سرجیکل حملوں پر پاکستان کی مہم کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔بی جے پی نے آپ سربراہ کے تبصرے کو ثبوت مانگنے کے برابر اور فوج کی توہین بتایا تھا ۔


Share: