گوکرن 19/ستمبر (ایس او نیوز) یہاں ساحل سمندر پر تفریح کے لئے آنے والے ہریانہ سے تعلق رکھنے والے دو بھائی سمندر میں تیرتے ہوئے غرقاب ہونے کا حادثہ پیش آیا ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق کوُڈلے ساحل پر تفریح کے لئے آئے ہوئے ہریانہ کے ایک گروپ میں ابھینؤ کھنڈوجا اور گوکُل کھنڈوجا نامی دو بھائی بھی شامل تھے۔ جب وہ لوگ سمندر میں تیرنے لگے تو تیز ی سے اٹھنے والی موجوں میں پھنس گئے۔ گوکل تو دیکھتے ہی دیکھتے لاپتہ ہوگیا مگر جب ابھینؤ گرداب میں پھنسا ہوا غرق ہورہا تھا تو ایک مقامی ہوٹل والاناگیش گوڈا اپنی جان پر کھیل کر اسے ڈوبنے سے بچاتے ہوئے کنارے لے آیا۔ لیکن بدقسمتی سے ایمبولنس میں اسے اسپتال پہنچانے تک بہت دیر ہوچکی تھی اور وہ بھی موت کے منھ میں چلا گیا۔
ایک ہی خاندان کے ان دونوں کی موت کی وجہ سے ان کے ساتھ آئے ہوئے ان کے چچازاد بھائی پر سخت صدمے کا اثر دیکھا گیا اور وہ اسپتال میں جہاں ابھینؤ کی لاش رکھی ہوئی تھی،وہ وہاں پر بیہوش ہوکر گرپڑا۔ اپنے چچازاد بھائی کی جان بچانے کے لئے ڈاکٹروں سے اس کی عاجزی اور چیخ و پکار سن کر وہاں پر موجود لوگوں کا سینہ پھٹا جارہا تھا۔گوکرن پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کا معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ پی ایس آئی ایم گووندا نے اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔