بنگلورو۔6/ستمبر(ایس او نیوز) معروف کنڑا ادیب پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قتل کو ایک سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود بھی ملزمین کو گرفتار نہ کئے جانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آج ریاست کے نامور کنڑا ادیبوں نے وکاس سودھا میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور سے ملاقات کی اور کلبرگی کے قاتلوں کو جلد ازجلد گرفتار کرنے پر زور دیا۔ کنڑا ادباء پروفیسر برگور رامچندرپا، چندر شیکھر پاٹل، وسندرا بھوپتی، جی این ناگراج، ایس وی سدرامیا، اور دیگر اس وفد میں شامل تھے۔ کلبرگی کے قتل کی جانچ میں ہوئی پیش رفت کے بارے میں وزیرداخلہ نے وفد کو جانکاری دی اور کہاکہ ریاستی پولیس اس معاملے کو سلجھانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ یقینی طور پر پولیس کلبرگی کے قاتلوں کو گرفتارکرنے میں جلد کامیابی حاصل کرلے گی۔اس سلسلے میں پولیس کو کچھ وقت دیا جانا چاہئے، انہوں نے اس ضمن میں دانشور طبقے کو تحمل سے کام لینے اور حکومت کا تعاون کرنے کی گذارش کی۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم کلبرگی کے قتل کے پیچھے جو بھی سازش کارفرما ہے حکومت اسے بے نقاب کرنے کی پابند ہے۔ادیبوں نے وزیر داخلہ کو بتایاکہ کلبرگی کی کسی سے کوئی ذاتی رنجش یااختلاف نہیں تھا۔ ان کے اصولوں اور ادبی تخلیقات کی مخالفت کرتے ہوئے بنیاد پرستوں نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔اسی لئے پولیس کو چاہئے کہ جلد ازجلد ان عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے۔کلبرگی کی مانند پونے میں دانشور ڈاکٹر پانسارے،دابولکر کے قتل کے واقعات کی کڑی بھی پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قتل سے مل رہی ہے، اسی لئے حکومت کو چاہئے کہ اس جانچ کے دائرہئ کار کو اور وسعت دے، وزیر داخلہ نے دانشوروں کے مشورہ کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش کی جائے گی کہ پولیس کی جانچ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔