ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں کی رہنمائی کیلئے عوامی ونجی شراکت کا قیام: کرشنا بائرے گوڈا

کسانوں کی رہنمائی کیلئے عوامی ونجی شراکت کا قیام: کرشنا بائرے گوڈا

Tue, 28 Nov 2017 23:57:32    S.O. News Service

بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاستی وزیر برائے زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ ریاست میں کسانوں کے مفادات کی حفاظت کیلئے حکومت نے الگ الگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوامی ونجی شراکت سے فروغ زراعت کے پروگراموں کیلئے کارگاہ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فصل بونے سے لے کر اس کی کٹائی تک کی تمام معلومات مہیا کرانے نجی اور کارپوریٹ اداروں سے مدد حاصل کی جائے گی۔ کاشتکاروں کو اس سلسلے میں رہنمائی کی جائے گی کہ کس طرح فصل کی نشو ونما کی جائے اور ساتھ ہی پیداوار کو بڑھاو ا دیا جائے۔ ساتھ ہی فصل سے ہونے والی پیداوار پر زیادہ قیمت وصول ہو اس کیلئے اس کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقے بھی بتائے جائیں گے۔ کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ عوامی اور نجی شراکت سے کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کی مارکیٹنگ کی سہولت بھی معلوم کرائی جائے گی اور فصلوں کی فروخت کیلئے انہیں دلالوں پر انحصار نہ کرنا پڑے یقینی بنایا جائے گا۔ کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ کسانوں کی آمدنی کے اوسط کو بڑھانے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے ساتھ ہر طرح کی فصل کو منافع بخش بنانے کے سلسلے میں یہ مہم شروع کی جارہی ہے۔ تجرباتی طور پر باغبانی کی فصلوں کیلئے اس طرح کے گروپس قائم کئے گئے اور یہ تجربہ کافی کامیاب رہا ہے۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ زرعی پیداوار کے معیار پر تحقیق وترویج کیلئے ایک الگ ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ بھی حکومت کے زیر غور ہے۔اس کارگاہ میں کاشتکاروں کے علاوہ 50 سے زائد کمپنیوں کے کارپوریٹ نمائدے بھی موجود تھے۔محکمۂ زراعت کے پرنسپل سکریٹری مہیشورن ، زرعی کمشنر بی ستیش ، محکمۂ آبپاشی کے کمشنر راجیو رنجن اور محکمۂ باغبانی کے کمشنر پی سی رائے اس موقع پر موجود تھے۔


Share: