کمٹہ، 5 / جولائی (ایس او نیوز) وزیر صحت و بہبودی خاندان اور اتر کنڑا ضلع انچارج وزیر یو ٹی قادر نے کمٹہ سرکاری اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں پر مختلف شعبہ جات کے تحت مریضوں کو فراہم کی سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔
وزیر موصوف نے اسپتال میں موجود ٹراما سینٹر، ڈیالیسس یونٹ، آئی سی یو، اسکیننگ سنٹر اور ایکسرے ڈپارٹمنٹ کے علاوہ مختلف وارڈوں جا کر وہاں کے حالات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپتال کی طرف سے مل رہی خدمات اور سہولتوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔
اس کے علاوہ انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی خدمات فراہم کرنے والے عملے کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور ہدایت دی کہ اسپتال کے لئے جن طبی مشینوں اور آلہ جات، ڈاکٹروں کے تقرر، ہیومن ریسورسس اور بنیادی سہولتوں کی ضرورت ہے اس کی ایک تحریری رپورٹ مطالبات کی شکل میں جلد از جلد تیار کرکے بھیجی جائے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ تحریری رپورٹ ملتے ہی مطالبات پورے کرنے کے لئے اقدام کیا جائے گا ۔
اس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملتی اسپیشالٹی ہاسپٹل کی تعمیر کے سلسلے میں کہا کہ "محض ایک بڑی عمارت تعمیر کرنے سے وہ ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل نہیں ہوتا ۔ اس کو کامیابی سے چلانے کے لئے ڈاکٹروں، ماہرین، نرسنگ اسٹاف، ٹیکنیکل اسٹاف اور جدید ترین مشینوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ یہ سب فراہم کیے بغیر اسپتال کی تعمیر ہو بھی جائے تو عوام کو اس سے کوئی فائدہ پہنچنے والا نہیں ہے ۔"
انہوں نے مزید کہا کہ کمٹہ میں اس وقت تیسرے مرحلے کا ٹراما سینٹر تعمیر ہونے کے باوجود اس کے لئے خصوصی ماہر ڈاکٹروں کی خدمات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو اس کا پورا فائدہ پہنچانا ممکن نہیں ہو رہا ہے ۔ چونکہ کاروار میں سرکاری میڈیکل کالج ہے اس لئے وہیں پر سوپر اسپیشالٹی اور جدید ترین علاج کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ کمٹہ سے کاروار کا فاصلہ ایمبولینس میں صرف ایک گھنٹہ ہے اس لئے پہلے مرحلے میں کاروار میں موجود ٹراما سینٹر کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ اس کے بعد کمٹہ کے ٹراما سینٹر میں پہلے اور دوسرے مرحلے کی خدمات شروع کی جائیں گی ۔ اور اسے ضلع کے ایک بہترین ٹراما سینٹر میں بدلنے کا کام کیا جائے گا ۔ اس کے بعد حکومت کی طرف سے کمٹہ میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کے سلسلے میں جائزہ لیا جائے گا ۔
ٹراما سینٹر کے افتتاح کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا اس میں جلدی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تمام عملے کی تقرری، ہر قسم کے معالجے کی سہولت اور انتظامات مکمل ہونے کے بعد ہی اس کا افتتاح کیا جائے گا، تا کہ افتتاح کے بعد مریضوں کو خدمات فراہم کرنے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔
ٹھیکے کی بنیاد پر تعینات ڈاکٹروں اور عملے کو مستقل کرنے کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ یہ کام براہ راست کسی بھی وزیر کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔ اگر کوئی اس کے لئے رقم طلب کرتا ہے تو کسی کو ایک پیسہ بھی دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ البتہ آئندہ بھرتی کے موقع پر ٹھیکے کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے عملے کو گریس مارکس دینے کے تعلق سے حکومت غور کرے گی ۔ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کی بھرتی کو ترجیح دی جائَے گی ۔
اس موقع پر کمٹہ ایم ایل اے دینکر شیٹی کے علاوہ بھٹکل ایم ایل اے منکال وئیدیا، سابق ایم ایل اے شاردا شیٹی، کمٹہ بلاک کانگریس صدربھُون بھاگوت اور کانگریس پارٹی کے دیگر لیڈران موجود تھے ۔