ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: ایس آئی آر کے خلاف ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے "شہری ووٹ تحفظ کمیٹی" کا اعلان

کرناٹک: ایس آئی آر کے خلاف ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے "شہری ووٹ تحفظ کمیٹی" کا اعلان

Mon, 06 Jul 2026 19:44:35    S O News
کرناٹک: ایس آئی آر کے خلاف ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے "شہری ووٹ تحفظ کمیٹی" کا اعلان

بنگلورو ، 6/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاست میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) عمل کے خلاف سرگرم تنظیم "ایس آئی آر مخالف کرناٹک" نے ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے "شہری ووٹ تحفظ کمیٹی" (ناگرک مت کاولو سمیتی) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ اس کمیٹی کا مقصد ریاست کے پسماندہ، دلت، قبائلی، اقلیتی اور دیگر کمزور طبقات کے ووٹنگ کے حق کا تحفظ یقینی بنانا اور ایس آئی آر عمل کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے خلاف منظم جدوجہد کرنا ہے۔

بنگلورو میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نور شری دھر نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن عوامی اعتراضات اور تجاویز کو نظر انداز کرتے ہوئے ایس آئی آر عمل کو یکطرفہ انداز میں نافذ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اس عمل کے نتیجے میں ملک کی مختلف ریاستوں میں پہلے ہی لاکھوں اہل ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ کرناٹک میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی سافٹ ویئر پر مبنی جانچ کے باعث ریاست میں ایک کروڑ سے زائد ووٹروں کے متاثر ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق شادی شدہ خواتین، مہاجر مزدور، خانہ بدوش برادریاں، قبائلی، اقلیتی طبقات اور ناخواندہ افراد اس عمل سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

نور شری دھر نے مزید دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں استعمال کیے گئے "لاجیکل ڈسکریپنسی" سافٹ ویئر کو کرناٹک میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے، تاہم یہاں اس سے بھی زیادہ سخت ضوابط اپنائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ووٹروں کو نوٹس جاری ہونے اور مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کر سکنے کی صورت میں ان کے نام فہرستِ رائے دہندگان سے خارج ہونے کا خدشہ ہے۔

شہری ووٹ تحفظ کمیٹی نے اپنے پانچ بنیادی اہداف کا بھی اعلان کیا، جن میں ایس آئی آر عمل کے دوران عوام کو پیش آنے والی مشکلات کی روزانہ بنیاد پر معلومات جمع کرکے متعلقہ حکام اور ذرائع ابلاغ تک پہنچانا، ووٹروں کی رہنمائی کرتے ہوئے ان کے اندراج اور دیگر مسائل کے حل میں تعاون کرنا، حکومت کی جانب سے قائم ہیلپ لائن اور مستقل رہائش کے تصدیقی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کی نگرانی کرنا، بوتھ سطح پر اہل ووٹروں کی فہرست تیار کرنا، نوٹس حاصل کرنے والے افراد کی مدد کرنا اور خارج شدہ ووٹروں کی قانونی طور پر دوبارہ شمولیت کے لیے اقدامات کرنا، نیز ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی گرام سبھا یا وارڈ اجلاس طلب کرنے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا شامل ہیں۔

تنظیم نے اعلان کیا کہ ان اہداف پر مؤثر عمل درآمد کے لیے 8 سے 15 جولائی تک ریاست بھر میں بوتھ سطح تک تربیتی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

نور شری دھر نے ریاست کے باشعور شہریوں، خصوصاً نوجوانوں سے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی شمولیت ناگزیر ہے۔

پریس کانفرنس میں سابق وزیر بی ٹی للتا نائک، کسان رہنما ویرسنگیا، تارا راؤ، سیتا رام گنڈپا، طاہر حسین، بسوراج کوتھال، بالا کرشنا شیٹی سمیت متعدد سماجی و عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔


Share: