ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاری ناقص،ریاست میں پارٹی امور کے انچارج مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر سخت برہم

کرناٹک میں انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاری ناقص،ریاست میں پارٹی امور کے انچارج مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر سخت برہم

Tue, 17 Oct 2017 22:44:45    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج اور مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے ریاستی بی جے پی میں شدید اختلافات اور عوام سے رابطے میں پارٹی لیڈروں کی ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت کے خلاف تحریک چلانے میں ریاستی یونٹ بری طرح ناکام نظر آرہی ہے، یاد رہے کہ چند دن قبل بی جے پی کے قومی صدر امیت شا نے بھی دورۂ کرناٹک کے مرحلے میں ریاستی بی جے پی لیڈروں کو اس بات کیلئے آڑے ہاتھوں لیاتھا کہ ریاستی حکومت کے متعلق عوام میں جو رائے ہے اسے بدلنے میں ریاستی بی جے پی قائدین ناکام رہے ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی نے امیت شا کی ہدایت پر حکومت کے خلاف تحریک شروع کی تھی، جو چند دن چلی اور دوبارہ پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھادیا۔ امیت شا کے آنے سے پہلے بی جے پی میں محض یڈیورپااور ایشورپا کے دو الگ الگ گروپ تھے ، امیت شا کے جانے کے بعد ان گروپوں کی تعداد بڑھ کر چار ہوگئی۔اب یڈیورپا ، ایشورپا ، اننت کمار، اور آر اشوک کی قیادت میں چار الگ الگ گروپ پارٹی میں کام کررہے ہیں۔ پرکاش جاؤڈیکر نے اس طرح کی گروپ بندی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اگلے انتخابات میں 150 سیٹوں پر کامیابی کا خواب دیکھنے والی بی جے پی اگر 50 سیٹیں بھی جیت جائے تو ان کیلئے غنیمت ہوگی۔ ریاستی لیڈروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ووٹروں سے رابطہ قائم کرنے کیلئے مرکزی قیادت کی طرف سے جس مہم کی شروعات کی ہدایت دی گئی تھی وہ اب تک کیوں نہیں شروع ہوئی؟۔ دکشن کنڑا، چکمگلور اور کورگ میں بوتھ کمیٹیوں کی تشکیل کا کام پورا ہوا ہے، باقی اضلاع میں بوتھ کمیٹیوں کی تشکیل کا کام آدھا بھی نہیں ہوا ہے۔ ریاست بھر میں 54ہزار پولنگ بوتھس ہیں ہر بوتھ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن ان میں سے صرف 30ہزار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے راست طور پر بی جے پی صدر یڈیورپا اور دیگر لیڈروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ اگر اس طرح سے کام کیاگیا تو کرناٹک میں بی جے پی انتخابات جیت گئی سمجھئے۔ پولنگ بوتھ سطح کی کمیٹی پارٹی کو منظم کرنے کا بہترین آلہ ہے، لیکن اسی کمیٹی کو پوری طرح نظر انداز کردیاگیا ہے۔انہوں نے تاکید کی کہ فوری طور پر ان کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے ، بصورت دیگر وہ اعلیٰ کمان کو رپورٹ پیش کردیں گے کہ کرناٹک میں بی جے پی انتخابات کیلئے مستعد نہیں ہے، اسی لئے پارٹی اعلیٰ کمان موجودہ بی جے پی قیادت سے کسی طرح کی توقعات وابستہ نہ رکھے۔ 


Share: