ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کراچی میں ضمنی انتخاب فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

کراچی میں ضمنی انتخاب فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

Mon, 05 Sep 2016 16:18:42    S.O. News Service

کراچی5؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فاروق ستار نے کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس127کھوکھرا پار ملیر کے8ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے نئے سربراہ نے اتوار کو مذکورہ حلقے میں رابطہ مہم کے دوران کی گئی پریس کانفرنس میں یہ مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوسکتی ہے لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ساتھ ہی فاروق ستا رنے یہ پیشگوئی بھی کی کہ ایم کیوایم چھوڑکر جانے والے مائی گریٹڈ پرندے موسم تبدیل ہوتے ہی اپنے ٹھکانوں میں لوٹ آئیں گے۔خطاب کے دوران ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس127کے ضمنی انتخاب میں این اے246کی کامیابی کا بھی ریکارڈ توڑ دے گی۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ہمارے دفاتر تو ٹوڑے جاسکتے ہیں لیکن مینڈیٹ نہیں توڑا جاسکتا۔پی ایس 127ملیر کی نشست 2013 کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار اشفاق منگی نے جیتی تھی لیکن اب اشفاق پاک سر زمین پارٹی یعنی پی ایس پی کا حصہ ہیں اور کئی ماہ پہلے اس نشست سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ ان کی جگہ یہ نشست اب کو ن جیتے گا اس کا فیصلہ 8 ستمبر یعنی صرف چار دن بعد ہونے والی ووٹنگ کے بعد برآمد ہوگا۔سیاسی تجریہ نگاروں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ آٹھ ستمبر کے انتخابات متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور ایم کیو ایم لندن کا ٹیسٹ کیس ثابت ہوں گے کیوں کہ پارٹی سربراہ الطاف حسین سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد یہ پہلے انتخابات ہوں گے جو یہ راہ متعین کریں گے کہ آیا الطاف حسین کے بغیر پارٹی کا مستقبل کیا ہوگا اور خود ایم کیو ایم کراچی کسی سبب یہ انتخاب جیت نہیں پاتی تو اس کا کیا بنے گا؟۔ماہرین کے نزدیک یہی نکتہ پی ایس127کے انتخابی ماحول کو گرمانے کا سبب ہوگا کیوں کہ پی ایس پی بھی رابطہ مہم پر ہے جبکہ پی پی پی نے بھی اس حلقے سے متحدہ کے نمائندے وسیم احمدکے مقابلے میں غلام مرتضیٰ بلوچ کو اپنا امیدوار چنا ہے ۔ آزاد امیدوار پہلے ہی پی پی پی کے حق میں دستبردار ہوچکے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان بھی پیر کو دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ۔ ان کی آمدکامقصد6ستمبر کا جلسہ عام ہے ۔ یہ جلسہ پی ایس 127کی رابطہ اور انتخابی مہم کا حصہ ہے۔ شہر میں جلسے کے لئے تیاریاں شروع ہیں جبکہ مختلف مقامات پران کیلئے استقبالیہ کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔


Share: