چنئی 8اکتوبر (یو این آئی) مرکزی حکومت کی جانب سے کاویری منیجمنٹ بورڈ قائم نہیں کرنے کے فیصلے کی مخالفت میں تمل ناڈو میں آج بھی ہڑتالوں اور مظاہروں کا دور جاری رہا۔ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی ڈراوڈ منیتر کزگم (ڈی ایم کے ) اور چار جماعتوں کے پیپلز ویلفیئر فرنٹ نے تھنجاور میں ایک دن کی بھوک ہڑتال کے بعد ترورر میں مظاہرہ کیا۔ اس میں کاویری کی وادی میں واقع اضلاع کے کسانوں کی زندگی سے وابستہ معاملے پر دھوکہ دینے کے لئے مرکزی حکومت پر تنقید کی گئی۔ پٹالی مکل کچی (پی ایم کے ) نے بھی مرکزی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔کانگریس پارٹی کی تمل ناڈو یونٹ نے بھی مرکزی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے 15 اکتوبر کو تروچراپلی میں بھوک ہڑتال کا اعلان کیا. وہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا کہ اس کے سینئر لیڈروں کا ایک وفد کل نئی دہلی جاکر پارٹی کے قومی صدر امت شاہ سے ملے گا اور انہیں اس معاملے سے آگاہ کرائے گا۔