کاروار 6/اکتوبر(ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا میں پسماندہ طبقات اوراقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے جاری کی گئی اسکیموں پر جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ میں ضلع سطح کے محکمہ جاتی افسران غیر حاضر رہے۔ اس وجہ سے اس کمیٹی کے ریاستی صدر اور اراکین نے میٹنگ کی شروعات میں ہی برہم ہوکر میٹنگ کو ملتوی کردیا۔
اس موقع پرریاستی کمیٹی کے صدر جی آر لوبو نے اپنی ناراضگی جتاتے ہوئے کہا کہ اب تک گلبرگہ، بیدر اور ایسے آٹھ دس ضلعوں میں ریاستی کمیٹی کے تحت ہم نے جائزہ میٹنگیں منعقد کیں۔ ہر جگہ ہمیں بھرپور تعاون ملا۔ اس طرح کا برتاؤ کہیں بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ ضلع شمالی کینرا کے افسران کے اس رویہ سے ہمیں بہت ہی دکھ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ پسماندہ طبقات اور اقلیتی فلاح و بہبود کی سرکاری اسکیموں پر عمل در آمد پر یہ جائزاتی میٹنگ پہلے سے طے شدہ تھی، مگر بہت سے محکمہ جاتی افسران نے غیر ذمہ دارانہ طور پر اس میٹنگ سے غیر حاضر رہنے کو ترجیح دی، جبکہ کچھ افسران بڑی تاخیر سے میٹنگ ہال کی طرف آئے اور پھردروازے پر ہی رک کر اندر داخل ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں غور کرتے دکھائی دئے۔ اس پر ریاستی صدر اور اراکین نے اپنی برہمی کا اظہار کیا۔کمیٹی کے رکن ایم ڈی لکشمی نارائن نے کہا کہ افسران کو اس میٹنگ کی اہمیت کا کوئی اندازہ ہوتا تو وہ اس طرح کا برتاؤ نہیں کرتے۔ضلع انتظامیہ کو گزشتہ مہینے ہی اس میٹنگ کے تعلق سے معلومات دی گئی تھیں۔ ضلع انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے ادا نہیں کی ہے۔ ہمارے پروگرام سے پہلے ہی افسران کی ابتدائی میٹنگ طلب کرکے انہیں اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا تو اس طرح کی صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔
افسران کے اس رویہ سے اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے منکال وئیدیا نے کہا کہ اس قسم کا ایک ایک پروگرام منعقد کرنے کے لئے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ یہاں پرکوئی بھی اس لئے آیا ہوا نہیں ہے کہ وہ بیکار ہے اور اسے کوئی کام نہیں ہے۔اس قسم کے لا پروا افسران کی وجہ سے ضلع کے وقار پر حرف آتاہے۔ ہمارے ضلع کے افسران کی غیر ذمہ دارانہ روش معاف کرنے کے قابل نہیں ہے۔اس کے علاوہ کاروار کے رکن اسمبلی ستیش سائیل نے بھی اپنی بے اطمینانی کا مظاہرہ کیا۔
محکمہ جاتی افسران کے اس رویہ سے ایڈیشنل ڈی سی مسٹر ایچ پرسنا کا سرشرم سے جھک گیا کیونکہ ڈی سی مسٹرنکول چھٹی پر ہونے کی وجہ سے انہی کو انچارج ڈی سی کی ذمہ داری ادا کرنی تھی۔