کاروار 7/اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے نے محکمہ ریوینیو اور زراعت کے افسران کو ہدات جاری کی ہے کہ ضلع میں بارش کی قلت کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ تیز رفتاری سے لیا جائے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ بارش اور فصلوں کی صورتحال پر جائزاتی میٹنگ میں انہوں نے بتایا کہ فی الحال ہلیا ل اور سداپور ضلع کو قحط زدہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔سرسی اورمنڈگوڈ ضلعوں میں بھی بارش نہ ہونے سے فصلیں تباہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔جہاں کہیں بھی بارش نہ ہونے سے فصلیں تباہ ہوئی ہیں وہاں 33 فیصد سبسیڈی دینے کی گنجائش رہتی ہے۔اس لئے ایسے علاقوں میں فصلوں کی تباہی کا جائزہ لے کر اس کی رپورٹ پیش کی جانی چاہیے۔
مسٹر دیشپانڈے نے کہا کہ محکمہ زراعت، باغبانی اور ریوینیو کے افسران مسلسل دیہی علاقوں کا دورہ کریں اور کاشتکاری اور فصلوں کی کیا حالت ہے، اس کا پورا جائزہ لیتے رہیں۔ افسران کو چاہیے کہ وہ اپنے دوروں کا ٹائم ٹیبل ڈی سی، سی ای او،وزیر موصوف کے دفتر اور ایم ایل اے کے دفتر کو بھی روانہ کریں۔انہوں نے تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ جو افسران اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں کوتاہی کریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ضلع میں آنے والے دنوں میں پینے کے پانی کی قلت پیش آنے کے بھی امکانات ہیں۔ ایسے علاقوں کی ابھی سے نشاندہی کرکے اس مسئلے سے نمٹنے کی تدایبر کر لینی چاہیے۔ اس ضمن میں تعلقہ جاتی سطح پر20/اکتوبر کے اندر ایم ایل اے کی نگرانی میں قائم ٹاسک فورسک کی میٹنگ منعقد کرکے رپورٹ تیار کرلینی چاہیے۔
اس اجلاس میں ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر،کاروار ایم ایل اے ستیش سائیل، ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول،ضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسرچندرشیکھر نائک،ایڈیشنل ایس پی دیوراج اور دیگر محکمہ جاتی افسران حاضر تھے۔