ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: سرکاری زمینوں کے تحفظ میں اُتر کنڑا۔ ریاست بھر میں سب سے آگے

کاروار: سرکاری زمینوں کے تحفظ میں اُتر کنڑا۔ ریاست بھر میں سب سے آگے

Fri, 28 Jun 2024 13:47:23    S.O. News Service

کاروار 28 / جون (ایس او نیوز) سرکاری زمینوں کو نجی افراد کے ناجائَز قبضے سے چھڑانے اور ان زمین جائیدادوں کو بحق سرکار محفوظ رکھنے کے لئے ریاست بھر میں قانونی اور انتظامی جد و جہد برسوں سے جاری ہے ، لیکن     اب جو ریاستی حکومت نے سائنٹیفک  انداز میں سرکاری زمینوں کی نشاندہی اور تحفظ کے لئے 'لینڈ بیٹ اَپ' کا سسٹم شروع کیا ہے اس کے تحت مختلف مقامات پر موجود سرکاری زمینوں کی 'جیو فینسنگ' (باڑ ھ لگانے) کے ذریعے اس کے تحفظ کا کام ضلع اُتر کنڑا میں تیز رفتاری کے ساتھ چل رہا ہے ۔ اس معاملے میں اب ریاستی سطح پر ضلع اتر کنڑا سر فہرست آ گیا ہے ۔

    ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اُتر کنڑا میں سرکاری جائیدادوں والے 1,04,192 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ لینڈ بیٹ اپ سسٹم میں ریوینیو علاقے کی وہ سرکاری زمینیں اور جائیداد  شامل ہیں جو 'گومالا، گھاس کے میدان، سرکاری فڈا، سرکاری خراب، سرکاری بیلو، جانوروں کے لئے مفت، سرکاری تالاب، سرکاری جھیل جیسے مختلف زمروں میں  مختص کی گئی ہیں ۔ 

    تا حال نشاندہی کی گئی زمینوں میں سے 79,628 مقامات کا ولیج اکاونٹنٹس نے دورہ اور معائنہ کیا ہے ۔ ان کے اطراف جیو فینسنگ کا کام چل رہا ہے ۔ یہ تعداد ریاست میں بھر میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس کی رپورٹ ریوینیو انسپکٹر کے ذریعے لینڈ بیٹ اپ پر تحصیلدار کو دی جاتی ہے اور وہاں اس کو قطعی شکل دینے کا کام ہوتا ہے ۔ اب تک 62,163 جائیدادوں کی فینسنگ کا کام پوری طرح مکمل ہوگیا ہے ۔ اس کی تفصیلات پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی ہے ۔

    محکمہ جنگلات سے متعلقہ جو سرکاری زمینیں دیگر منصوبوں کے لئے تحویل میں لی گئی ہیں ان کی نشاندہی اور تحفظ کے ضمن میں آنے والے دنوں میں اقدامات کیے جائیں گے ۔ 


Share: