کاروار 9/ستمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے نے بتایا کہ کاروار میں منی ودھان سودھا کی تعمیر کا جو منصوبہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے حکومت کو پیش کیا گیا تھا اسے منظوری مل گئی ہے۔
کاروار کے باڈ نامی مقام پر 24گُنٹہ زمین پرگراؤنڈ فلو ر اور فرسٹ فلو ر پر مشتمل ایک نئی عمارت منی ودھان سودھا کے طور پر تعمیر کی جانے والی ہے جس کی لاگت کا تخمینہ پانچ کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ضلع کے مرکزی مقام پر تعلقہ سطح کے تمام سرکاری دفاترکی خدمات کو ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرنے کے لئے منی ودھان سودھا کی ضرورت تھی۔جسے پورا کرنے کے لئے تعمیراتی کام کا آغازجلد ہونے جارہا ہے۔ مسٹر دیشپانڈے نے افسران پر واضح کیا کہ تعمیراتی کام کے سلسلے میں شفافیت کے جو قاعدے اور قوانین ہیں اسی کے مطابق اس منصوبے کا تعمیراتی کام انجام دینا ہوگا اور اس کی کوالٹی پر کڑی نظر رکھنی ہوگی۔اور وقتاًفوقتاً اس کی جانچ کی جانی چاہیے۔