ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں سونامی سے بچاؤ کی تدابیر کا عملی جائزہ

کاروار میں سونامی سے بچاؤ کی تدابیر کا عملی جائزہ

Sat, 10 Sep 2016 02:26:14    S.O. News Service

کاروار  9/ستمبر (ایس او نیوز)حیدرآباد میں قائم آئی این سی او آئی این نامی ادارے کی طرف سے کاروار کے ضلع ڈپٹی کمشنرکے دفتر میں کنڑول روم کواطلاع دی گئی کہ ایران کے مکران اور پاکستان کے سمندری علاقوں میں زلزلہ آیا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے کاروار کے ساحل پر سونامی آنے کا خدشہ ہے۔

خطرے کی گھنٹی بجتے ہی ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے علاوہ پولیس، صحت،فائر بریگیڈ، پریس اینڈ پبلسٹی اور ماہی گیری جیسے تمام اہم ترین محکمہ جات سے وابستہ تمام ذمہ داران کو 11.45بجے ہنگامی حالات کا پیغام بھیج دیا گیا۔اسی دوران حیدرآباد سے دوسرا پیغام سونامی کی تیزی اور اس سے درپیش خطرناک حالات کے تعلق سے  12.15بجے موصول ہوا تو ساحلی علاقے سے سینکڑوں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔ پھر فوری طور پر ماجالی گرام پنچایت کے میٹنگ ہال میں عارضی ریلیف کیمپ قائم کرکے لوگوں کو وہاں منتقل کیا گیا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے قائم محکمہ کے جنرل سکریٹری گنگا رام بڈیریا، ضلع ڈپٹی کمشنر این این نکول،ایڈیشنل ڈی سی مسٹر ایچ پرسنا،اور کاروار کے اسسٹنٹ کمشنرشیوانند کرالے نے موقع پر موجود رہ کر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی اس کارروائی کی پوری نگرانی کی۔

دراصل ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے محکمہ جاتی سطح پر کس طرح کی چوکسی کی جاتی ہے اور اس کی پہلے ہی سے کس حد تک تیاری کر لی گئی ہے، یہ جانچنے کے لئے سونامی آنے کی جھوٹی خبر دے کر افسران کو میدان میں اتارا گیا تھا۔ یہ ایک نقلی مشق mock drillتھی۔اور بین الاقوامی سطح پر سونامی سے نمٹنے کی مشق کا ایک حصہ تھا، کیونکہ تقریباً23ممالک میں 7ستمبر کو اسی طرح کی جانچ اور مشق کی گئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس نقلی سونامی ریلیف کی مشق میں نیوی،کوسٹ گارڈ،نیشنل ڈسآسٹر ریسپانس فورس،این ڈی ایم اے،این آئی ڈی ایم وغیرہ سے وابستہ رضاکار اور افسران نے بھر پورحصہ لیا۔
 


Share: