کاروار 7/اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع پنچایت اور سائنس سنٹر کاروار کے اشتراک سے اساتذہ کے لئے" سائنس اور حساب کی پڑھائی میں اٹھنے والے سوالات اور ان کا حل "کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔
کرناٹکا سائنس سنٹر اور ٹیکنیکل تعلیم کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر این جی شری کنٹیشور سوامی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا سائنس پڑھاتے ہوئے تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل تجربات کے آلات کا استعمال طلباء کے اندر مضمون سے دلچسپی پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل نصاب میں تبدیلیاں لائی جارہی ہیں، ان تبدیلیوں کے ساتھ اساتذہ کو پہلے سے ہی اس ضمن میں تربیت دی جائے تو مضمون کے بنیادی مقاصد سمجھانے میں آسانی ہوسکتی ہے۔آج کل کرناٹکا سائنس سنٹر اور ٹیکنیکل تعلیم کمیٹی نے "ورچوول لیب"کے نام سے سائنس سکھانے کا نیا طریقہ اپنایا ہے جس سے طلباء کو اپنے ضروری معلومات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ابھی تجرباتی بنیا دپر 10دیہی ہائی اسکولوں میں اس کا استعمال کیا جارہا ہے۔
بایو فیول سیل کے فیلو اور ریسرچ اسکالرایس این نونڈور نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے سائنس اور حساب سکھاتے وقت مضمون کو دلچسپ اور کارآمد بنانے کے چنداہم اصول بتائے۔اس سیمینار کا افتتاح ضلع پنچایت کے سی ای او چندر شیکھر نائک نے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا سیمینار ریاست میں پہلی بار ضلع شمالی کینرا میں منعقد ہورہا ہے۔ ضرورت ہے کہ ریاست کے ہر ضلع میں ایسے سیمینار منعقد کیے جائیں۔
اس سیمینار میں ضلع کے تمام تعلقہ جات سے سائنس اور حساب کے اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔