کاروار 23؍نومبر(ایس او نیوز) نوجوانوں میں دلچسپی کا سبب بننے والی اسکوبا ڈائیونگ کی تربیت کے لئے ضلع انتظامیہ نے کاروار میں ایک مرکز قائم کرنے فیصلہ کیا ہے۔ جس کی وجہ سے یہاں پر سیاحت کو بہت زیادہ فروغ امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
اسکوبا ڈائیونگ ایک ایساآبی کھیل (واٹر اسپورٹ)اور دلکش مشغلہ ہے جس سے سمندر کی گہرائیوں میں پہنچ کر وہاں کی زندگی اور خوبصورتی کا نظارہ کرنا ایک انوکھے لطف سے سرشار کرتا ہے۔فی الحال جن مقامات پر اسکوبا ڈائیونگ کی سہولت ہے وہاں پر ایک ماہر غوطہ خور کے ساتھ سمندر کی تہہ میں کچھ لمحے گزارنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔لیکن تنہا اس طرح کی مہم پر نکلنے سے پہلے مناسب تربیت ضروری ہوتی ہے۔لیکن ابھی تک اس کھیل میں دلچسپی رکھنے والے تھائی لینڈ، ملیشیاء ، دبی وغیرہ جیسے بیرونی ممالک میں موجود تربیتی مراکز سے غوطہ خوری کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔لہٰذا س قسم کا تربیتی مرکز قائم کرنے کے ضمن میں ضلع شمالی کینرا کی انتظامیہ نے سنجیدگی سے سوچا ہے، اور ایڈیشنل ڈی سی مسٹر ایچ پرسنا کے مطابق فی الحال کچھ ماہرین تربیت دینے کے لئے آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کاروار میں کچھ برسوں پہلے جنرل تھمیا ایڈوینچر اکیڈمی عمارت جو تعمیر ہوئی تھی وہ کسی قسم کے استعمال میں نہ آنے کی وجہ سے ویران پڑی ہوئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ اسی عمارت کو اسکوبا ڈائیونگ تربیتی مرکز کے لئے استعمال کیا جائے گا۔