ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار سمندر میں ملپے کی بوٹ میں آگ ؛ سات ماہی گیروں کو بچالیا گیا

کاروار سمندر میں ملپے کی بوٹ میں آگ ؛ سات ماہی گیروں کو بچالیا گیا

Sat, 08 Oct 2016 00:50:22    S.O. News Service

اڈپی 7/اکتوبر (ایس او نیوز) کاروار سے 45کلومیٹر کی دوری پربحر عرب سمندر میں ماہی گیری کررہی ملپے کے رجسٹریشن والی بوٹ میں آگ لگ گئی۔ مگر ایک دوسری کشتی پر موجود ماہی گیروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جلتی ہوئی کشتی سے 7ماہی گیروں کو بحفاظت بچالیا۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق رات ۹ بجے کے قریب ملپے میں رجسٹر ڈ آکاش نامی ماہی گیر کشتی سے کوسٹ گارڈ کے جہاز راج دوت اور دیگر قریبی جہازوں کو پیغام ملا کہ کشتی پر موجود ماہی گیرخطرے میں ہیں اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔ جب یہ پیغام کوسٹ گارڈ کرناٹکا کو ملا تو اس نے میری ٹایم ریسکیو سب سنٹر منگلورو کی معرفت راج دوت کو ہدایت جاری کردی کہ فوری آکاش کی مدد کے لئے روانہ ہوجائے۔

اس دوران قریب میں موجود سیتالی نامی دوسری ماہی گیر کشتی نے آگے بڑھ کر جلتی ہوئی کشتی سے سات ماہی گیروں کو بچالیا۔جب کہ انڈین کوسٹ گارڈ شپ راج دوت اپنی پوری رفتار سے موقع واردات پر پہنچنے تک رات کے ساڑھے دس بج چکے تھے اور آکاش کوشعلوں نے پوری طرح نگل لیا تھا۔ کشتی سے بچائے گئے ماہی گیروں نے بتایاکہ حادثے کا شکار آکاش پر 200 لیٹر ڈیزل اور گیس سلینڈر موجود ہے۔ اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے کوسٹ گارڈ کے جہاز نے پوری احتیاط کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔پھر اس کے بعد کوسٹ گارڈ نے بچائے گئے ماہی گیروں کو اپنے جہاز پر ملپے لے جاکر انہیں کوسٹل پولیس کے حوالے کیا۔ 

ڈی آئی جی مسٹر کے آر سریش کمانڈر کوسٹ گارڈ کرناٹکا نے ماہی گیر کشتی سیتالی اور کوسٹ گارڈ کے جہاز کی بروقت کارروائی کی ستائش کی ہے۔


Share: