بھٹکل 6/ستمبر (ایس او نیوز) کاروار کے گاگر مڈی فالس میں ڈوب کر ایک اور مینگلور کے قریب بنٹوال کی نیتراوتی ندی میں ڈوب کر ایک طالب العلم ہلاک ہوگیا، یہ دونوں گنیش تہوار کی چھٹی منانے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ندی میں نہارہے تھے، جس کے دوران خوشی کا ماحول ماتم میں تبدیل ہوگیا۔
کاروار سے موصولہ اطلاع کے مطابق گوا کے پنجی کا ایک خاندان گنیش تہوار کی چھٹی کے موقع پر کاروار کے ناگرمڈی فالس میں نہارہاتھا کہ اچانک نِک فرنانڈیس فالس میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا، اس سے پہلے کہ اس کو تلاش کرکے باہر نکالتے، اُس وقت وہ بے جان ہوچکا تھا۔ پل بھر میں گھروالوں کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئی اور ایک ہنستا کھیلتا خاندان کا چشم چراغ پل بھر میں جدا ہوگیا۔ فرنانڈیس پنجی میں میٹرک کا طالب العلم تھا۔ اس تعلق سے کاروار مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
اسی طرح کا ایک حادثہ بنٹوال کی نیتراوتی ندوی میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ سرینواس کالج آف بزنس منیجمنٹ میں زیر تعلیم رجنی کانت (۴۲سال) ایم بی اے سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا۔چونکہ گینش تہوار کی چھٹی تھی اس لئے دیگر دو دوستوں کے ساتھ وہ ندی میں نہانے کے لئے گیا ہوا تھا۔جس علاقے میں وہ لوگ نہا رہے تھے، اس سے ذرا دوری پر پانی بہت زیادہ گہراتھا، جس کا اندازہ لگانے میں رجنی کانت ناکام رہا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ پانی میں غرق ہوگیا۔ کوشش کے باوجود اس کے دوست اسے بچا نہیں سکے۔کافی دیر کے بعد ندی سے اس کی لاش برآمد کی گئی۔بنٹوال ٹاؤن پولیس انسپکٹر ننداکمار اور دیگر اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کرجائزہ لیا ہے اور معاملہ درج کرلیا ہے۔