ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈی۔ کے روی کے قتل کی تحقیقات سے اہل خانہ غیرمطمئن دوبارہ تفتیش کے لئے متوفی کی ماں کا مطالبہ

ڈی۔ کے روی کے قتل کی تحقیقات سے اہل خانہ غیرمطمئن دوبارہ تفتیش کے لئے متوفی کی ماں کا مطالبہ

Sat, 25 Nov 2017 10:20:57    S.O. News Service

بنگلورو،24/نومبر (پی ٹی آئی) آئی اے ایس افسر ڈی۔ کے۔ روی کے اہل خانہ اور خصوصاً متوفی کی ماں اپنے بیٹے کی خودکشی کی تحقیقات از سر نو کرانا چاہتی ہیں۔ خودکشی کی یہ واردات 2015 میں پیش آئی تھی جس کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپی گئی تھی۔ متوفی کی ماں کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ اس کا قتل کیاگیا ہے اور وہ سی بی آئی کی تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں۔ ڈی کے روی کی ماں گؤرما کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی قتل کی تفتیش سی بی آئی کی علاحدہ ونگ سے کرائی جائے۔ گؤرما نے نامہ نگاروں سے کہاکہ سی بی آئی رپورٹ کے ساتھ منسلک ضروری دستاویزات ابھی تک نہیں ملے ہیں۔ ہم نے داخلہ دستاویزات کی واپسی کے لئے تقریباً تیس مرتبہ درخواست کی ہے لیکن ہماری درخواستیں صدا بہ صحرا رہی ہیں۔ تفتیش کے لئے داخل کی گئی دستاویزات کی عدم واپسی سے ہمارے شکوک شبہات پختہ ہورہے ہیں کہ قتل کی سازش میں ارباب اقتار شامل ہیں۔ اسی لئے لیپاپوتی کی جارہی ہے۔ گؤرما نے کہاکہ یہ ظاہر کرنے کی پوری کوششیں کی گئی ہیں کہ میرے بیٹے نے اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر خودکشی کی ہے جب کہ یہ حقیقت نہیں ہے۔ پولیس او رسی بی آئی کا یہ موقف صحیح نہیں ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ ایک سازش کے تحت کئے گئے اس قتل کی دوباربہ تحقیقات کی جائیں۔ ایک دیگر سوال کے جواب میں گؤرما نے کہاکہ اسمبلی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ اگر کولار کے عوام کسی ایسے شخص کو جو میرے بیٹے کے قتل کی تحقیقات کا ذمہ لینے کے لئے آگے آئے ہیں تو یہ میرے لئے بڑی خوشی کی بات ہوگی اور میں اس امیدوار کی تائید کروں گی۔ فی الوقت میری ترجیح میرے بیٹے کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ہے۔ 


Share: