ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈوڈہ دہشت گردانہ حملہ :کیپٹن سمیت پانچ اہلکاروں کی موت، تلاشی آپریشن جاری

ڈوڈہ دہشت گردانہ حملہ :کیپٹن سمیت پانچ اہلکاروں کی موت، تلاشی آپریشن جاری

Wed, 17 Jul 2024 11:19:30    S.O. News Service

جموں، 17/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) جموں خطے کے ڈوڈہ ضلع کے جنگلی علاقے میں سیکوریٹی فورسیز اوردہشت گردوں کے مابین خونین تصادم میں کیپٹن کے عہدے کے افسر سمیت  ۵؍ اہلکاروں کی موت واقع ہو گئی۔ سیکوریٹی فورسیز نے وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر  تفتیش اور تلاشی آپریشن شروع کردیاہے۔ اطلاعات کے مطابق پیر کی رات  فورسیز نے ڈوڈہ کے دیسا جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔  جیسے ہی فوجی اہلکار جنگل کے درمیان میں مشتبہ  مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں گھات لگاکر بیٹھے دہشت گردوں نے  ان اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جس کے بعد فوجی اہلکاروں کی ٹیم نے بھی جوابی حملے شروع کردئیے۔  فورس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا  تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

اس دوران کیپٹن برجیش تھاپا اور ان کی قیادت میں لڑ رہےنائیک ڈِی راجیش، سپاہی وجیندر، سپاہی اجے اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے ایک اہلکار سمیت  ۷؍اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی ہوئے فوجی آفیسر اور جوانوں کو علاج کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال  منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے کیپٹن تھاپا سمیت پانچ اہلکاروں کو تھوڑی ہی دیر بعد مردہ قرار دے  دیا۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے مزید دو فوجی جوانوں کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

اس واقعہ کے بعد منگل کوسیکوریٹی فورسیز نے پورے جنگل کا محاصرہ کرلیا اور  فرار کے تمام ممکنہ راستوں پر پہرے بٹھا دئیے ہیں۔ فوج ، پولیس ، پیرا ملٹری فورس اور پیرا کمانڈوز کو جنگل کی طرف روانہ کیا گیا ہے تاکہ روپوش دہشت گردوں کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچایاجاسکے۔ خبر لکھے جانے تک ڈوڈہ کے جنگلوں میں فوجی آپریشن جاری تھا۔


Share: