بنگلورو16؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے چیک پیٹ پولیس تھانہ کی حدود میں آنے والے بی وی کے آئینگار روڈ پر ایک چار منزلہ الیکٹرانک گودام میں آج آگ حادثہ کے نتیجہ میں کروڑوں روپیوں کی الیکٹرانک اشیاء خاکستر ہوگئیں اور دو افراد اس حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ اس آگ حادثہ کے نتیجہ میں بجلی کے وائر اور دو ایل پی جی سلینڈر پھٹ پڑنے کے نتیجہ میں عمارت کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کے ساتھ آس پاس کی چار پانچ عمارتوں کے شیشے بھی چکنا چور ہوگئے۔ بی وی کے ائینگار روڈ پر آنے والے لکشمن راؤ روڈ کے اریو پیٹ علاقہ میں آج صبح مایا الیکٹرانک اور اس کے گودا م میں بجلی کے شارٹ سڑکیوٹ کے سبب آگ لگ گئی۔چونکہ دکان پر تالہ لگا ہوا تھا، دکان میں رکھے گئے وارروں کے ذخیرے اور دو سلینڈروں کو آگ لگنے سے یہ پھٹ پڑے۔ اوپری منزل پر موجود مزدور آگ بجھانے کی کوشش میں تھے کہ وہ بھی آگ کی لپیٹوں میں آگئے، فوری طور پر پڑوسیوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کے ساتھ فائر فورس کو بھی طلب کرلیا، لیکن دو افراد کو زخمی ہونے سے بچانہیں سکے۔ بارہ فائر انجنوں نے صبح گیارہ بجے تک آگ پر قابو پالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تیسری منزل پر دھویں کے سبب دم گھٹنے کے نتیجہ میں ایک مزدور کی موت ہوگئی۔ جبکہ ایک اور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔مایا الیکٹرانک کے روبرو کھڑی ہوئی دو موٹر بائیک بھی آگ میں تباہ ہوگئیں۔ اس آگ حادثہ کے بعد بی وی کے ائینگار روڈ پر ٹریفک کچھ دیر کیلئے بند کردی گئی۔ اڈیشنل کمشنر آف پولیس چرن ریڈی، فائر سپرنٹنڈنٹ ایچ ایس ریونا اور دیگر اعلیٰ افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔