ممبئی، 7 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر کے لیے ایک کل وقتی وزیر داخلہ کا مطالبہ کرنے کے کچھ دنوں کے بعد شیو سینا صدر ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں پولیس اہلکاروں پر ہوئے حالیہ حملوں کو دیکھتے ہوئے ان کے خاندان والوں کی تشویش کے پس منظر میں آج وزیر اعلی دویندر فڑنویس سے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے بعد میں کہا کہ حکومت پولیس اہلکاروں کے خاندان والوں کے تمام مطالبات پر غور کرے گی۔ادھو نے دویندر فڑنویس سے جنوبی ممبئی کے پاش مالابار ہل علاقے میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ ’وشرا ‘پر ملاقات کی۔ان کے ساتھ شیوسینا کے کچھ وزیر اور پولیس اہلکار کے اہل خانہ بھی تھے ۔ورلی کے بی ڈی ڈی چال میں رہنے والے پولیس اہلکار کے خاندان والوں نے ٹریفک پولیس ولاس شندے پر ہوئے حملے کو لے کر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔شندے کی مبینہ طور پر دو نوجوانوں نے پٹائی کر دی تھی جس کے بعد 31؍اگست کو ان کی موت ہو گئی تھی۔ملاقات کے بعد ادھو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے چارج بھی سنبھال رہے فڑنویس قابل اور باصلاحیت ہیں لیکن حال ہی میں ان پر کام کا زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملوں کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ کو ایک علیحدہ وزیر کی ضرورت ہے۔شیوسینا صدر نے کہاکہ میں وزیر اعلی سے تین چیزوں، ریاست میں پولیس اہلکاروں کا تحفظ ، قانون پر مناسب عمل درآمدگی اور حملہ آوروں کے لیے سخت سزا کا مطالبہ کرتا ہوں۔مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس)کے چیف راج ٹھاکرے نے بھی حال میں واقعہ پر رد عمل کا اظہار کیا تھا اور پولیس اہلکاروں کے خاندان والوں سے ملاقات کی تھی۔