چنتامنی،23؍نومبر(سید اسلم پاشاہ؍ایس او نیوز) صحت مند معاشرہ کی تعمیر کیلئے پولیس کو عوام سے بہتر تعلقات رکھنے چاہئے، اگر پولس عوام کا ہمیشہ ساتھ دیں تو بہت جلد جرائم کی روک تھام کی جاسکتی ہے ان باتوں کااظہار آج بٹل ہلی پولیس تھانہ کے سرکل انسپکٹر کا عہد ہ کا چارج لیتے ہوئے ٹی۔پپنا نے کیا۔ انہوں نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے رات کے اوقات میں گشت بڑھائی گئی ہے مشتبہ افراد پر نگاہ رکھی جارہی ہے خصوصی طور پر رائس پلنگ اور دوسرے سانپوں کی فروخت کے تعلق سے دھوکہ دہی کی وارداتوں کو روکنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا خواہ پولیس اہلکار ہویا کوئی دوسرا سبھی کے ساتھ قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ ٹی ۔پپنا کے سرکل انسپکٹر کے عہدہ کا چارج لینے کی اطلاع پاکر کرناٹکا کندبہ سینا کے کارکنان تھانہ پہنچے اور سرکل انسپکٹر کی شال پوشی و گلپوشی کی۔اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری مصطفی نے کہا کہ پپنا گزشتہ کئی ماہ پہلے چنتامنی ٹاون پولیس تھانہ کے سب انسپکٹر کے عہدہ پر کام کرچکے ہیں، ان کو چنتامنی حلقے کے متعلق بہت اچھی جانکاری ہے بٹل ہلی کرناٹکا کا سرحدی علاقہ ہے یہاں جرائم بھی بہت زیادہ پیش آتے ہیں ہمیں امید ہے کہ سرکل انسپکٹر جرائم کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کریں گے ۔