پنچ کولہ /ہریانہ،17اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )گرومت رام رحیم کو پنچ کولہ عدلیہ کی طرف سے زنا کے مجرم قرار دیئے جانے کے بعد 25 اگست کو سزا سنائی جانے کے بعد بھڑکے تشدد کے تحت سرسا واقع ڈیرا سربراہ کی کمپنی کا سی او گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پولیس نے آج بتایا کہ گرفتاری سے بچنے کے لئے رام رحیم کی مبینہ منھ بولی بیٹی ہنی پریت انسان کو مبینہ طور پر پناہ دینے والی بھٹنڈا رہائشی عورت او راس کے بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پنچ کولہ کے پولیس کمشنر اے ایس چاولا نے بتایا کہ ہریانہ پولیس کی خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ایم ایس جی آل انڈیا ٹریڈنگ انٹرنیشنل پرائیویسی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سی پی اروڑا کو بھی گرفتار کر لیاگیا ہے ۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ ہمارے پاس پنچ کولہ تشدد کے تحت ان کے ملوث ہونے کے کافی ثبوت ہیں ۔ چاولا نے کہا کہ آج سی پی اروڑا کو پنچ کولہ عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔ پھر پولیس ان کو اپنے ریمانڈ پر لے گی جس سے تفتیش کے ذریعہ کئی ر ازوں اور گناہوں سے پردہ اٹھے گا ۔ پولیس کے مطابق اروڑا پر پہلے ہی 25 اگست کو تشدد بھڑکانے کی مبینہ سازش کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پنچ کولہ تشدد میں تقریبا 60سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی تھی اور کئی لوگ گھائل بھی ہوئے تھے ۔ اروڑا کو دوسرے اعلی ذمہ دار آدتیہ انسان کا قریبی کہا جاتا ہے ۔آدتیہ کے خلاف بھی ایک لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ ایم ایس جی ٹریڈنگ انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کی مصنوعات خوردنی اشیاء میں مشتمل ہے ۔ پچھلے سال کمپنی نے 151 مصنوعات بازار میں لانچ کی تھی ۔ جس میں باسمتی چاول ، چینی ، چائے ، بسکٹ وغیرہ مشہور ہیں ، ان مصنوعات کو زانی بابا گرومیت رام رحیم نے لانچ کیا تھا ۔