پتور ، 11 / اگست (ایس او نیوز) اکثر سفر کے دوران قئے کا احساس ہونا فطری بات ہے ، لیکن یہی احساس کار میں سفر کرنے والے پانچ کے لئے اس وقت جان بچانے کا سبب بن گیا جب وہ ایک خاتون کو قئے کروانے کے لئے کار سے باہر نکلے اور اسی دوران ایک کنٹینر ان کی کار پر الٹ کر گر گیا اور کار اس کے نیچے دب کر چکنا چور ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق 'جسے اللہ رکھے اسے کون چکّھے' کی یہ ضرب المثل شیرڈی گھاٹ پر بارچینہلّا کے قریب نیشنل ہائی وے 75 پر کل صبح 11.30 بجے پیش آئی ، جب داونگیرے کے رہنے والے گنیش، شیو، کاویا، دانڈیمّا اور کار ڈرائیور عبدالرحیم ملا دھرمستھلا اور سبرامنیا کا دورہ کرنے کے بعد یہاں سے واپس لوٹ رہے تھے ۔ اس دوران کاویا نے قئے کرنے کی ضرورت محسوس کی تو ڈرائیور نے کار روک لی ۔ ڈرائیور اپنی ضرورت سے فارغ ہونے کے لئے ذرا دور چلا گیا تو دوسری طرف باقی افراد کاویا کو قئے کرنے میں مدد کر رہے تھے ۔ اسی وقت ایک بڑا کنٹینر ٹرک کار کے پاس الٹ گیا اور اس کے کار پر گرنے کی وجہ سے کار پوری طرح دب گئی اور چکناچور ہوگئی ۔ اگر خدانخواستہ کار میں کوئی موجود ہوتا تو پھر اس کا زندہ اور سلامت رہنا ناممکن تھا ۔ پارک کی گئی کار سے ذرا سی دوری پر موجود مسافر یہ منظر دیکھ کر حیران و ششدر رہ گئے ۔