نئی دہلی ، 22/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )وزارت ریل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ سے متعلق وائرل ویڈیوز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ وزارت کا مؤقف ہے کہ ان ویڈیوز سے عوام میں بے بنیاد خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پلیٹ فارم اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ایسی گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ 15 فروری کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب مہاکمبھ جانے والے ہزاروں مسافر اسٹیشن پر جمع ہو گئے۔ خصوصی ٹرینوں کی تاخیر اور پلیٹ فارم میں اچانک تبدیلی کی اطلاع نے افراتفری پیدا کر دی، جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق، بھگدڑ پلیٹ فارم نمبر 14 اور 15 کے درمیان سیڑھیوں پر ہوئی۔ پلیٹ فارم 14 پر کھڑی مگدھ ایکسپریس اور پلیٹ فارم 15 پر موجود اتر سمپرک کرانتی ایکسپریس کی جانب جانے والے مسافر اوور برج سے گزرتے وقت سیڑھیوں پر گر گئے، جس سے دیگر افراد بھی زد میں آ گئے۔
اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ریلوے انتظامیہ نے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس میں ناردن ریلوے کے پی سی سی ایم نر سنگ دیو اور پی سی ایس سی پونکج گنگوار شامل ہیں۔ انہیں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کی ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد کا تجزیہ کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ حادثہ ریلوے کی بدانتظامی کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے، جہاں مسافروں کو وقت پر اطلاع نہ ملنے اور پلیٹ فارم میں اچانک تبدیلی کے سبب بھگدڑ مچی۔ ریلوے کی جانب سے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔