
سرسی ،23 / فروری (ایس او نیوز) سرسی سے بینگلورو جانے والی بس میں دو مسافروں کے بیچ شروع ہونے والا جھگڑا ایک شخص کے قتل پر ختم ہوا ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل شام کے وقت انکولہ سے نکلنے والی بس کو داونگیرے سے ہوتے ہوئے بینگلورو جانا تھا ۔ سرسی نئے بس اسٹینڈ پر ساگر سے تعلق رکھنے والے گنگا دھر اپنی بیوی کے ساتھ اس بس میں سوار ہوگئے ۔ ابھی انہوں نے ٹکٹ بھی نہیں خریدا تھا کہ سرسی کے ڈنڈسی نگر کے رہنے والے پریتم نامی ایک مسافر کے ساتھ ان کا جھگڑا شروع ہوا ۔
بس میں موجود دیگر مسافروں نے بیچ بچاو کرنے اور جھگڑا روکنے کی کوشش کی مگر اس دوران میں پریتم نے اپنے پاس موجود چاقو سے گنگا دھر کے سینے پر وار کر دیا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے خون میں لت پت گنگا دھر نے بس کے اندر ہی دم توڑ دیا اور قاتلانہ حملہ کرنے والا پریتم بس سے کود کر فرار ہوگیا ۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کی اور کیس درج کرتے ہوئے مفرور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔