ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان کی جنگ بلاامتیاز کارروائی کے بغیر ختم نہیں ہو گی:امریکہ

پاکستان کی جنگ بلاامتیاز کارروائی کے بغیر ختم نہیں ہو گی:امریکہ

Fri, 16 Sep 2016 16:23:11    S.O. News Service

واشنگٹن ، 16؍ستمبر (ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا )اوباما انتظامیہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک وہ بیرونی ملکوں پر حملہ کرنے والے گروہوں کو برداشت کرتے رہنے کی پالیسی نہیں بدلتا۔یہ بیان امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سامنے افغانستان پر ہونے والی ایک بحث کے دوران سامنے آیا۔سوال جواب کے دوران انتظامیہ کی نمائندگی کرنے والے افغانستان پاکستان کے معاملات کے لیے امریکہ کے خصوصی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ پاکستانی اہلکاروں کے ساتھ بات چیت میں یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ انھیں تمام شدت پسند تنظیموں کو بلاامتیاز نشانہ بنانا ہو گا۔اولسن کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں پاکستانی فوج کی کارروائیاں انتہائی اہم ہیں اور انھیں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے میں کامیابی بھی ملی ہے، تاہم پاکستان کو تمام پناہ گاہیں ختم کرنا ہوں گی اور ان تنظیموں کے خلاف بھی کارروائی کرنی ہو گی جو پڑوسی ملکوں کو نشانہ بناتی ہیں۔بحث کے دوران کچھ سینیٹروں کی رائے تھی کہ پاکستان قابل اعتماد شراکت دار نہیں ہے اور حقانی نیٹ ورک کا ساتھ دے کر افغانستان میں امریکہ کے خلاف کام کر رہا ہے۔اس کے جواب میں اولسن کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کرتا ہے تو اس سے خطے میں استحکام قائم ہو گا اور ہمسایہ ملکوں اور امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات بہتر ہوں گے۔ان کا کہنا تھا، لیکن اگر پاکستان نے ایسا نہ کیا تو وہ دنیا میں اکیلا رہ جائے گا۔اولسن نے حقانی نیٹ ورک اور انڈیا کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی کہ پاکستان مقامی دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ دوسری تنظیموں کے ساتھ ایک نئی جنگ شروع نہیں کرنا چاہتا۔


Share: