جموں،30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستانی فوج نے آج مسلسل تیسرے دن جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن پر مارٹر بموں اور خود کار ہتھیاروں سے ہندوستانی چوکیوں اور شہری اکثریتی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ہندوستانی جوانوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی پر جوابی کاروای کی۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ بھیم بھیر گلی(جی بی)سیکٹر میں کنٹرول لائن پر آج صبح چار بج کر 15منٹ سے پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔پاکستانی فوجیوں نے کل بھی پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب پیشگی چوکیوں اور سویلین علاقے میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی تھی اور مارٹر داغے تھے جس میں ہندوستانی فوج کے دو جوان زخمی ہو گئے تھے۔بدھ 27جون کو پاکستان فوج نے بھیم بھیر گلی سیکٹر میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولے داغے تھے۔جون میں پاکستان کی طرف سے کنٹرول لائن کی دوسری طرف سے ایک حملے کے علاوہ کی گئی یہ 23ویں خلاف ورزی ہے۔