ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: بزرگ خاتون کی سونے کی چین چھیننے کے معاملے میں دو گرفتار، ایک ملزم پولیس پر حملہ کرکے فرار

منگلورو: بزرگ خاتون کی سونے کی چین چھیننے کے معاملے میں دو گرفتار، ایک ملزم پولیس پر حملہ کرکے فرار

Sat, 27 Jun 2026 18:54:57    S O News
منگلورو: بزرگ خاتون کی سونے کی چین چھیننے کے معاملے میں دو گرفتار، ایک ملزم پولیس پر حملہ کرکے فرار

منگلورو، 27/جون (ایس او نیوز) منگلورو شہر کے سوٹرپیٹے علاقے میں ایک بزرگ خاتون کے گلے سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی 12 گرام وزنی لکشمی پینڈنٹ والی سونے کی چین چھین کر فرار ہونے کے معاملے کو منگلورو جنوبی پولیس نے حل کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک اور ملزم پولیس اہلکار پر حملہ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق، 14 جون کی دوپہر ایک بزرگ خاتون ایکّور بس اسٹاپ پر اترنے کے بعد سوٹرپیٹے کے گرام اکاؤنٹنٹ دفتر کے قریب پیدل جا رہی تھیں کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ان کے پاس پہنچے اور پتہ پوچھنے کا بہانہ کرتے ہوئے اچانک ان کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں منگلورو جنوبی پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران 26 جون کو پانڈیشور کے روزاریو اسکول کے قریب تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی، جس دوران انہوں نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ گرفتار ملزمین کی شناخت روی بورا (38)، اور محمد ساحل عرف صدیقی (26)، دونوں ساکنان اتر پردیش، کے طور پر ہوئی ہے۔

عدالت نے دونوں گرفتار ملزمین کو 6 جولائی تک دس روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

اسی دوران ایک اور ملزم الطاف حسین، جو باگلکوٹ کا رہائشی بتایا گیا ہے، پولیس اہلکار ونائک پر حملہ کرکے انہیں دھکا دیتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے میں پولیس اہلکار کو معمولی چوٹیں آئیں، جس کے بعد اس کے خلاف ایک علیحدہ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔


Share: