چنئی، 8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تمل ناڈو کانگریس کمیٹی(ٹی این سی سی )نے آج کہا کہ پارٹی نائب صدر راہل گاندھی کے چنئی کے اپو لو اسپتا ل میں زیر علاج وزیر اعلی جے للتا سے ملنے کے پیچھے کوئی سیاست نہیں ہے ۔ٹی این سی سی صدر سو ترونوکراسر نے کہا کہ راہل گاندھی نے انا ڈی ایم کے کی سربراہ جے للتا کی خیریت دریافت کرنے اور ضرورت پڑنے پر ان کو حمایت دینے کی انسانی بنیادپرغیر رسمی ملاقات کی ہے ۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ یقینی طور پر اس میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ترونوکراسر نے کہا کہ ان کی پارٹی کاویری معاملے پر بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف 15؍اکتوبر کو تروچی میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کرے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز نے تمل ناڈو کے لوگوں اور کسانوں کے مفادات سے دھوکہ کیا ہے۔ٹی این سی سی سربراہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ رخ چونکانے والا ہے کہ کاویری مینجمنٹ بورڈ کے قیام کے لیے سپریم کورٹ کا ہدایت دینا اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ یہ تو زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے کرناٹک میں سیاسی مقاصدکی تکمیل کے لیے ہی تمل ناڈو کے خلاف رخ اختیار کیا ہے۔یہ تمل ناڈو کے خلاف کی گئی سب سے بڑی ناانصافی ہے۔2019پارلیمانی انتخابات سے پہلے راہل گاندھی کے دورے کے پیش نظر سیاسی اتحاد کے لیے کسی گنجائش کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے انتخابات میں تقریبا تین سال کا وقت ہے، اس کے بارے میں ابھی سے سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔