ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیراعظم مودی کی افغان صدر غنی سے ملاقات، دہشت گردی کو ختم کرنے کا مطالبہ

وزیراعظم مودی کی افغان صدر غنی سے ملاقات، دہشت گردی کو ختم کرنے کا مطالبہ

Wed, 14 Sep 2016 23:29:55    S.O. News Service

نئی دہلی، 14/ستمبر(آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز)علاقے میں سیاسی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مسلسل دہشت گردی کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور افغانستان نے آج دہشت گردی کے تمام حمایت کنندہ گان اور ٹھکانوں کو نیست و نابود کرنے کا اعلان کیا، جسے پاکستان کو ایک پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان آئے افغان صدر اشرف غنی نے دہشت گردی سے مقابلے اور سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط کرنے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا جیسا کہ ہندوستان افغانستان اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے میں ذکر کیا گیا ہے۔یہاں حیدرآباد ہاؤس میں دونوں فریقوں کی وفد سطح کی بات چیت کے بعد مودی نے کہا کہ ہندوستان تعلیم، صحت، زراعت، مہارت کی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور جمہوری اداروں جیسے شعبوں میں افغانستان کے صلاحیت کی تعمیر کے لیے ایک ارب ڈالر کی رقم مہیا کرائے گا۔دونوں فریقوں نے تین معاہدے، حوالگی معاہدہ، شہری اور تجارتی معاملات میں تعاون اور بیرونی دنیا کے پرامن استعمال میں تعاون پر معاہدہ نامہ دستخط کیا۔ایک مشترکہ بیان میں کہا گیاہے دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقے میں سیاسی مقاصد کے لیے دہشت گردی اور تشدد کے مسلسل استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیاکہ دونوں رہنمااس بات پر متفق ہوئے کہ یہ اس خطے نیز اس سے آگے امن، استحکام اور ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، حالانکہ بیان میں پاکستان کا نام نہیں لیا گیا۔غورطلب ہے کہ ہندوستان اور افغانستان دونوں ممالک دہشت گردی کی حمایت کرنے کرنے کا پاکستان پر الزام لگاتے رہے ہیں۔

مودی اور غنی نے اس پر بھی رضامندی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ صدارت والی اسٹریٹجک شراکت داری کونسل جلد ہی میٹنگ کرے گی اور تعاون کے مختلف علاقوں سے نمٹنے اور آگے کی رہنمائی کے لیے چار مشترکہ ورکنگ گروپ کی سفارشات کا جائزہ لیا۔اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان، افغانستان دو طرفہ ترقیاتی تعاون نے کامیاب سیاسی، سلامتی اور اقتصادی تبدیلی کی افغانستان کی اپنی کوششوں میں مدد دی ہے، دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس اورافغانسان -ہندوستان دوستی باندھ جیسے حالیہ اہم سنگ میل طے کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں نیویارک میں ہندوستان، امریکہ، افغانستان بات چیت کے دوبارہ شروع ہونے کو لے کر پرامید ہیں۔وزیر اعظم مودی نے صدر غنی کو بتایا کہ ہندوستان ہر ممکن طریقے سے افغان حکومت کو تعاون دینے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے گا۔مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ اس تناظر میں دونوں لیڈران نے آئندہ 4 /دسمبر کو ’ہارٹ آف ایشیا استنبول پروسیس (ایج او اے) کے اجلاس کے ساتھ ہی 5 /اکتوبر کو برسلز کانفرنس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
 


Share: