ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعلیٰ نے ودھان سودھا کے جشن پر اصراف کو روک دیا،26؍ کروڑ کی بجائے صرف دس کروڑ روپیوں میں تقریبات نمٹانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ نے ودھان سودھا کے جشن پر اصراف کو روک دیا،26؍ کروڑ کی بجائے صرف دس کروڑ روپیوں میں تقریبات نمٹانے کا فیصلہ

Tue, 17 Oct 2017 22:35:19    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ودھان سودھا کی تعمیر کے سلسلے میں 60 سال کی تکمیل کے جشن کو بڑے پیمانے پر نہ منانے ریاستی حکومت کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ عوامی حلقوں میں تنقید کا سبب بن کر کسی طرح کی تقریب منانے کے وہ حق میں نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ان تقریبات کے موقع پر منتخب نمائندوں کو سونے کے بسکٹ دینے کی تجویز پر بھی اصراف قرار دے کر روک لگادی۔ ساتھ ہی سکریٹریٹ کے عملے کو چاندی کا برتن دینے کے منصوبے کو بھی خارج کردیاہے۔ ریاستی لیجسلیچر سکریٹریٹ کی طرف سے وزارت مالیات کو اس سلسلے میں تجویز روانہ ہوئی تھی تاہم اس سلسلے میں جب فائل وزیر اعلیٰ کے سامنے آئی تو انہوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ اور کونسل چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی کو بذات خود ان کی سرکاری رہائش گاہوں پر پہنچ کر مطلع کیا۔ بتایا جاتاہے کہ ان تقریبات پر 26کروڑ روپیوں کے اصراف کا تخمینہ تیار کیاگیا تھا، وزیر اعلیٰ سدرامیا نے تاکید کی ہے کہ تقریبات کا اہتمام اگر کرنا ہی ہے تو دس کروڑ روپیوں کے اندر کرلیا جائے۔اس سلسلے میں اگر دس کروڑ روپیوں کی رقم پر مشتمل تجویز محکمۂ مالیات کو روانہ کی جاتی ہے تو اسے منظور کیاجائے گا۔ اس مرحلے میں اسپیکر کے بی کولیواڈ نے کہاکہ عوامی حلقوں میں ہر چیز پر نکتہ چینی ہوتی ہی رہتی ہے، حکومت کو اس کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں تھی، انہوں نے اس بات کا حوالہ دیاکہ انوسٹ کرناٹکا کے اہتمام پر 54کروڑ روپیوں کی رقم صرف کی گئی ، اس پر بھی عوامی حلقوں سے نکتہ چینی کی گئی، لیکن اسے نظر انداز کرتے ہوئے حکومت نے اس کانفرنس کا اہتمام کیا۔اس بار بھی اسی طرح نظر انداز کرکے تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔ تاہم وزیراعلیٰ نے اسپیکر کے اس استدلال کو نظر انداز کرتے ہوئے واضح کردیا کہ دو دن کی تقریبات کیلئے 26کروڑ روپے صرف کرنا ممکن نہیں ہے۔ دس کروڑ روپیوں کے اندر پروگرام ایک دن میں نمٹالیا جائے۔ اس موقع پر یہ بھی طے کیاگیا کہ اراکین اسمبلی ، کونسل اور ودھان سودھا کے عملے کو حکومت کی طرف سے کچھ تحفہ ضروردیا جائے گا، لیکن سونے کے بسکٹ اور چاندی کے برتن مہیا کرانے کے منصوبے کو وزیر اعلیٰ نے یکسر خارج کردیا۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر کے بی کولیواڈ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے ودھان سودھا کے 60 سالہ جشن کے اہتمام پر اتفاق کرلیا ہے، تقریبات کے سلسلے میں تمام تفصیلات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھی گئیں اور وزیر اعلیٰ نے دس کروڑ روپیوں کی رقم میں بہترین پروگرام منظم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ودھان سودھا کی ڈائمنڈ جوبلی کے ساتھ آئندہ ماہ 13؍ نومبر سے بلگاوی کے سورنا سودھا میں چلنے والے لیجسلیچر اجلاس کے متعلق بھی تبادلۂ خیال کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے جشن کے اخراجات کو 26 کروڑ روپیوں سے ہٹاکر صرف دس کروڑ روپے کئے جانے کے متعلق سوالات کے جواب دینے سے اسپیکر نے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ ان تقریبات سے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اور دیگر معزز شخصیات مخاطب ہوں گی۔ ساتھ ہی اس سلسلے میں ریاستی لیجسلیچر کا ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیاگیا ہے ،جس سے صدر ہند خطاب کریں گے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ان تقریبات پر اصراف کم کرنے کے فیصلے کا کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے خیر مقدم کیا ہے۔


Share: