وارانسی، 5 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ میں بڑی تعداد میں پوسٹر نظر آئے ہیں جس میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو پاکستان کا حامی کہا گیا ہے اور کنٹرول لائن کے اس پار ہندوستانی فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کارروائی کو لے کر ان کے بیانات کے لئے انہیں’’ میگھناتھ‘‘کی طرح پیش کیا گیا ہے۔شیوسینا کی وارانسی یونٹ نے پوسٹر لگائے ہیں جن میں وزیر اعظم مودی کو ’’بھگوان رام‘‘کی طرح دکھایا گیا ہے جن کے ہاتھ میں کمان،تیر ہیں۔وہیں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو ’’راون‘‘کی طرح دکھایا گیا ہے۔پوسٹروں میں فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ کنٹرول لائن(ایل او سی) کے پار ایک اور ایسا حملہ ہونا چاہئے اور پاکستان کو راون کی طرح ختم کیا جائے۔کجریوال نے ایل او سی پار دہشت گردانہ ٹھکانوں پر فوج کی کارروائی کے لئے پیر کو وزیر اعظم مودی کی تعریف کی تھی لیکن ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ اس سلسلے میں پاکستان کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے۔بی جے پی نے الزام لگایا کہ کجریوال نے اپنے بیان کی آڑ میں فوج کے سرجیکل حملوں پر سوال اٹھایا ہے اور ہندوستانی فوج کی توہین کی ہے۔کل راجستھان میں بیکانیر کے ٹرانسپورٹ نگر میں اے بی وی پی کے دو کارکنوں نے کجریوال پر اس مسئلے کو لے کر سیاہی پھینک دی تھی۔