چنتامنی:18 /ستمبر(محمد اسلم /ایس او نیوز)مرغ ملہ درگاہ کے چند ہی کیلومیٹر دوری پر واقع حضرت جلال خاکی شاہ مولاباباؒ درگاہ کی ڈبی کو آج صبح چکبالاپور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین بی ایس رفیع اللہ کے زیر نگرانی میں کھولا گیا اور جمع شدہ رقم کی گنتی کی گئی ۔ڈبے کی گنتی کوبٹل ہلی پولیس کے سخت بندوبست میں کی گئی نمکان پلی درگاہ کے ہنڈیوں سے جملہ 9لاکھ 88ہزار روپئے بر آمد ہوئے ۔گنتی کے بعد رقم کو کینرا بینک عملہ نے وقف بورڈ کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیا ۔اس موقع پر چکبالاپور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین بی ایس رفیع اللہ نے آخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مرغ ملہ میں حضرت اماں جان باواجانؒ درگاہ کی ترقی کی جارہی ہے اسی طرح نمکان پلی درگاہ کی بھی ترقی کی جائیگی وزیر تنویر سیٹھ کو چاہئے کہ نمکان پلی درگاہ کی ترقی کیلئے ریاستی وقف بورڈ سے فنڈ دلایا جائے کیونکہ ان درگاہ کی ڈبیوں میں بہت کم پیسے بر آمد ہوتے ہیں اور عطیہ جات ڈبوں سے بر آمد ہونے والی رقم سے درگاہ کی ترقی ناممکن ہے ۔
انہوں نے آخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جس طرح مرغ ملہ درگاہ کے متصل 200غیر قانونی دکانیں منہدم کردی گئی اس طرح نمکان پلی درگاہ کلے متصل موجود غیر قانونی دکانوں کا ہٹا دیا جائے گااور وقف کی جائیداد کی حفاظت کی جائیگی ۔اور نمکان پلی درگاہ کے متصل بھی اگر ریاستی وقف بورڈ سے فنڈ فراہم کی گئی تو یہاں بھی کمرشیل کامپلکس تعمیر کی جائیگی تاکہ دکان والوں کو سہولت ہو ۔رفیع اللہ نے بتایا کہ وقف زمین اللہ کی مقدس امانت ہے اگر ایک بارکوئی واقف کسی ادارہ یازمین کو اللہ کے نام وقف کرتا ہے تو وہ زمین اللہ کی ملکیت میں شمار کی جاتی ہے اسلئے ہمارا یہ ملی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم اس کو پوری ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ اس کی حفاظت اور محافظت کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مسلمانوں کی ماضی کی داستان نہایت ہی روشن وتابناک ہے حال کسمپرسی وتنگ دامانی سے بھر پورولبریز ہے ماضی کے مانند ہمارا مستقبل روشن وتابناک ہواس کیلئے ضروری ہے کہ ہم ابھی اس کی منصوبہ بندی اور تیاری کریں اور یہ کام کسی ایک تنظیم یافرد واحد سے ممکن نہیں بلکہ قوم کے ہر ہر فرد کو متحد اور مشترکہ طور پر صبر واستقا مت کے ساتھ کرنا ہوگا ۔انہوں نے مزید بتایا چند احباب اولیاء اللہ کے مقامات کو خواہ مخواہ جھوٹی افواہیں پھیل کر بدنام کرنے کی سازش میں لگیں ہوئے ہیں عوام ایسے لوگوں کی باتوں پر بالکل کان نہ دھریں۔اس موقع پر چکبالاپور ضلع وقف کمیٹی کے رُکن محمد خلیل ہادیگرہ ،ذبیح اللہ ،محمد جیلانی،سپروئزر طیب نواز گرام پنچایتی رُکن الحاج انصر خان سمیت چکبالاپور ضلع وقف آفیسرس وغیرہ موجود تھے۔