لکھنؤ،6؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج پہلوان نرسمہا یادو سے ملاقات کرکے انہیں ریو اولمپک سے عین پہلے معطل کئے جانے کی وجوہات کی سی بی آئی جانچ کا مرکز سے درخواست کرنے کا یقین دلایا۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے یہاں بتایا کہ نرسمہا نے وزیر اعلی سے ان کے سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس دوران اکھلیش نے انہیں اپنے ساتھ ہوئے المناک واقعہ کو بھول کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ اتر پردیش حکومت نرسمہا معاملے میں تمام حقائق کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کی مرکز حکومت سے درخواست کرے گی، تاکہ اس معاملے کی گہرائی سے چھان بین ہو سکے اور جو مجرم پایا جائے، اس کے خلاف کارروائی ہو سکے۔اکھلیش نے کہا کہ سی بی آئی تحقیقات سے مستقبل میں دیگر کسی کھلاڑی کے ساتھ اس طرح کا واقعہ ہونے کا خدشہ کم ہو جاگا۔انہوں نے نرسمہا کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مستقبل کے لئے سخت ہدف مقرر کرکے زیادہ محنت کریں، جس سے وہ مستقبل میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کر سکیں۔واضح رہے کہ پہلوان نرسمہا یادو پر حال میں اختتام پذیر ریو اولمپک سے عین پہلے کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹس (سی اے ایس)نے چار سال کی پابندی لگا دی تھی۔نرسمہا نے اسے اپنے خلاف سازش کا نتیجہ بتایا تھا۔