بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت رمیش کمار نے کہا ہے کہ حالیہ بلگاوی لیجسلیچر اجلاس کے دوران کرناٹکا پرائیویٹ میڈیکل اسٹابلشمنٹ ( کے پی ایم ای) قانون کی منظوری کے سبب وہ اپنے آپ کو کافی مطمئن محسوس کررہے ہیں۔ اس قانون کی منظوری میں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے انتہائی کلیدی رول ادا کیا ہے۔ جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں۔آج کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر رمیش کمار نے بتایاکہ کے پی ایم ای قانون کی منظوری کے معاملہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اور مختلف حلقوں سے آنے والے دباؤ کے باوجود وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ان کے موقوف کی جس طرح تائید کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ وزیر صحت نے بتایاکہ نجی اسپتالوں کی ذمہ داریوں کو بڑھانے کیلئے یہ قانون لایا گیا ہے۔اس قانون کا مقصد نجی ڈاکٹروں کوہراساں کرنا یا ان کے حوصلوں کو پست کرنا ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ نجی اسپتالوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کو اگر بہتر علاج میسر ہو تو اس سے ریاست کے شعبۂ صحت کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔