منگلورو18/ستمبر (ایس او نیوز)الال پولیس نے دو ایسے ملزمین کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے میڈیکل کالج میں سیٹ دلانے کے نام پر کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کی ہے۔
تفتیش کے لئے پولیس حراست میں لیے گئے ملزمین کی شناخت ایروڈ تملناڈو کے سنجیوا(۵۳سال) اور مڈیکیری کے تھمیا(۰۴ سال) کے طورپر کی گئی ہے۔ ان کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ انہوں نے مبینہ طورپر تملناڈو اور آندھرا پردیش کے 15طلباء سے 30لاکھ روپے فی کس اس وعدے کے ساتھ وصول کیے تھے کہ انہیں میڈیکل کالج میں داخلہ دلوایا جائے گا۔مگر حسب وعدہ جب ان طلباء کے کالج میں داخلے کے آثار نظر نہیں آئے تو کچھ والدین نے داراکٹے کے میڈیکل کالج میں پہنچ کر جانکاری لی۔ وہاں انہیں بتایا گیا کہ کالج میں ٹیسٹ لینے اور داخلہ دینے کا مرحلہ تو کب کا ختم ہوچکا ہے اور اب وہاں پر کوئی سیٹ خالی نہیں ہے۔
اس کے بعد طلباء کے والدین نے ان ملزمین کو فون کرکے یہ لالچ دیا کہ وہ سیٹ پانے کے لئے مزید رقم دینا چاہتے ہیں اس لئے داراکٹے میں آکران سے ملاقات کریں۔اور جب ان میں سے ایک ملزم موقع پر پہنچ گیا تو الال پولیس نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔ پھر اس کی جانکاری بنیاد پر دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔اب ان دونوں سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔